پشاور(عاصم شیراز)چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا کہ صوبے میں احتیاطی تدابیر سے کھیلوں کو فروغ دینگے صوبے کی تاریخ میں بننے والی پہلی کلائمبنگ وال قومی ہیرو شہید محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نام سے منسوب کیاگیاہے ڈویژنل ہیڈ کوآرٹر اور سیاحتی مقامات پر بھی یہ کلائمبنگ وال بنائے جائینگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے قیوم سپورٹس کمپلیکس میں کلائمبنگ وال افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ صحت مند سرگرمیوں کی جانب نوجوانوں کو راغب کررہے ہیں ۔ علی سد پارہ کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا علی سدپارہ قوم کا ہیرو ہے ۔ اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس عابد مجید ، ڈی جی سپورٹس اسفندیارخان خٹک ،پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند ،ڈپٹی ڈائریکٹر امیر محمد سمیت دیگراہم شخصیات موجود تھیں ۔کھیلوں کی ایک ہزار سہولیات پراجیکٹ کے تحت خیبر پختونخوا کی تاریخ میں بننے والی پہلی کلائمبنگ وال قومی ہیرو شہید محمد علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے نام سے منسوب کیاگیا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی خصوصی ہدایت پر کلائمبنگ والے صوبے کے نو مختلف اضلاع میں بنائی جارہی ہے جو حیات آباد سپورٹس کمپلیکس ،مردان سپورٹس کمپلیکس ، پبی نوشہرہ سپورٹس کمپلیکس ، سوات سپورٹس کمپلیکس ، کنج فٹبال گرائونڈ ایبٹ آباد ، کوہاٹ سپورٹس کمپلیکس ، قاضی محب سپورٹس کمپلیکس بنوں اور رتہ کلاچی سپورٹس کمپلیکس ڈی آئی خان شامل ہیں جس پر 111 ملین روپے کا خرچہ آئے گا۔اس کلائمبنگ وال میں تین کیٹگریز شامل ہیں جس میں سپیڈ وال ، ٹیکنیکل وال اور ورٹیکل وال شامل ہیں ۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے کلائمبنگ میں استعمال ہونے والی حفاظتی سامان کابھی معائنہ کیا
اس موقع پر کھلاڑیوں نے ٹیکنیکل اور سپیڈ وال پرشاندار پرفارمنس کا بھی مظاہرہ پیش کیااس موقع پر چیف سیکرٹری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اس کلائمبنگ کی سہولت سے کھلاڑیوں کو اس کھیل میں آگے جانے کے مواقع ملیں گے اور پشاور میں نیشنل اور انٹر نیشنل لیول کے مقابلے بآسانی کرائے جاسکیں گے ۔ کلائمبنگ وال پر کھلاڑیوں کی تربیت کیلئے انٹر نیشنل کوالیفائیڈ کوچز کی خدمات بھی حاصل کی جائینگی۔