کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) نو منتخب چیئر مین نیشنل آرچری کوچز کمیشن اور سیکریٹری سندھ آرچری ایسوسی ایشن فرخ بلال اور پاکستان بوائے اسکاوٹ ایسوسی ایشن کے چیف کمیشنر سرفراز قمر ڈھا کے درمیان ملاقات، گلستان اسکاوٹ ٹریننگ میں ہونے والی اس ملاقات میں چیف کمیشنر پاکستان بوائے اسکاوٹ ایسوسی ایشن جناب سرفراز قمر ڈھا نے سیکریٹری جنرل سندھ آرچری ایسوسی ایشن فرخ بلال کو چیئر مین نیشنل کوچز کمیشن نامزد ہونے پر مبارک باد دی اور اسکاوٹ موومنٹ میں آرچری کی شمولیت پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کے پہلے مرحلے میں اسکاوٹ لیڈرز کو آرچری کی تربیت فراہم کی جائے گی اور پاکستان بوائے اسکاوٹ ایسوسی ایشن کے ٹریننگ سینٹر سنبل پارک اسلام آباد میں انٹر نیشنل لیول کی آرچری رینج کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے بعد پورے پاکستان میں موجود تمام اسکاوٹس ٹریننگ سینٹرز میں آرچری کلبز بنائے جاِئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آرچری کے فروغ کے لیے صدر پاکستان آرچری فیڈریشن جناب لیفٹیننٹ جنرل عارف حسن اور سیکریٹری جنرل ذولفقار علی بٹ صاحب کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔ فرخ بلال نے ان کی اس کاوش کو سراہا اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔