وسیم خان اسپورٹس جرنلسٹس سے معافی مانگیں، پی ایس ڈبلیو ایف کا مطالبہ

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)
پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سی ای او وسیم گلزار خان کی جانب سے ایک یو ٹیوب چینل پر پاکستانی سپورٹس جرنلسٹس کے خلاف ہتک آمیز الفاظ استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سپورٹس جرنلسٹس کے خلاف ایک منظم سازش قرار دیا ہے۔ فیڈریشن کے صدر امجد عزیز ملک نے یہاں جاری ایک بیان میں کہا کہ وسیم خان کی منطق سمجھ سے بالاتر اور ان کے خیالات ایک بیمار اور شدید دباؤ کا شکار کسی فرد کے ہیں۔ ان کی جانب سے ایک ذمہ دارانہ عہدے پر فائز ہوتے ہوئے اس قسم کے بیانات کسی بھی طور مناسب نہیں ہیں۔ امجد عزیز ملک نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی کار کردگی پر نظر رکھنے کی بجائے ذاتی مفادات کی جنگ لڑنے والے وسیم خان کیا یہ بتانا پسند کریں گے کہ ملک میں کرکٹ کھیل کو تباہی سے کیوں دوچار کر دیا گیا؟ آزادی اظہار رائے پر پابندیاں لگاتے ہوئے ملک بھر کے کرکٹ آرگنائزر کی زبانیں کیوں چپ کروا دی گئیں؟ کلب کرکٹ کو کس طرح سے یرغمال بنا دیا گیا ہے؟ پاکستان کرکٹ بورڈ کو کیوں گھر کی لونڈی بنا دیا گیا ہے؟پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے صدر نے کہا کہ پی سی بی کے سی ای او نے چئیرمین پی سی بی کو اندھیرے میں رکھ کرپاکستان میں کرکٹ کو جس قدر نقصان پہنچایا ہے اس پر قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کو از خود نوٹس لینا چاہیئے تاکہ قوم کو پتہ چل سکے کہ کرکٹ بورڈ میں کیا گل کھلائے جا رہے ہیں۔امجد عزیز ملک نے پی سی بی کے سرپرست اعلی وزیر اعظم عمران خان سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وسیم گلزار خان کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے اوربرطانوی شہریت والے کی بجائے کسی پاکستانی کو سی ای او تعینات کیا جائے۔پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے چئیرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے آمدن و اخراجات کی تفصیلات طلب کی جائیں تو دونوں ایوان کے نمائندگان پاکستان میں کرکٹ چلانے والے اس ادارے کی کارکردگی سے آگاہ ہو سکیں۔پاکستان سپورٹس رائٹرز فیڈریشن نے وسیم خان سے سپورٹس جرنلسٹس سے معافی مانگے کا مطالبہ بھی کیا ہے. فیڈریشن نے سپورٹس جرنلسٹس سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ پی سی بی اور وسیم خان کا معافی مانگنے تک بائی کاٹ کریں

تعارف: newseditor