اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے ہرادیا

ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے بیسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے آصف علی کو 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ فاتح ٹیم کے فاسٹ باؤلر موسی خان نے تین جبکہ لیگ اسپنرز شاداب خان اور فواد احمد نے دو دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھا کر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔

153 رنز کے تعاقب میں 55 رنز کی افتتاحی شراکت کے باوجود لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 124 رنز پر ہمت ہارگئی۔ اوپنرز فخر زمان اور کپتان سہیل اختر کے علاوہ صرف حارث رؤف ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔

فخر زمان 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 44 جبکہ سہیل اختر 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے والے حارث رؤف نے 17 رنز بنائے۔

دیگر بلے بازوں میں ذیشان اشرف 1، محمد حفیظ 8، بین ڈنک 1، ٹم ڈیوڈ 3، راشد خان 4، جیمز فالکنر 1 اور شاہین شاہ آفریدی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔ احمد دانیال 6 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے موسیٰ خان نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ شاداب خان اور فواد احمد نے بالترتیب 14 اور 27 رنز دے کر 2،2 وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو ان کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام ہوگیا اور محض 20 رنز پر ان کی آدھی ٹیم پویلین واپس پہنچ گئی۔ عثمان خواجہ 0، کولن منرو 4، روحیل نذیر 1، حسین طلعت 8 اور شاداب خان 5 رنز بناکر چلتے بنے۔

ایسے میں آصف علی اور افتخار احمد نے ٹیم کی کمان سنبھالی اور چھٹی وکٹ کے لیے 123 رنز کی عمدہ شراکت قائم کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کا مجموعہ 150 کے پار پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

آصف علی نے 43 گیندوں پر 5 چھکوں اور 6 چوکوں کی بدولت 75 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ افتخار احمد 37 گیندوں پر 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ وسیم جونیئر 4 اور موسیٰ خان بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔

لاہور قلندرز کے جیمز فالکنز نے صرف 19 رنز کے عوض تین اہم وکٹیں حاصل کیں۔ حارث رؤف اور شاہین آفریدی نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تعارف: newseditor