ابوظہبی (سپورٹس لنک رپورٹ)ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے چھبیسویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی. 185 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے ناقابل شکست سنچری بنانے پر عثمان خواجہ کو پلئیر آف دی میچ قرار دیا گیا. وہ شاداب خان کی عدم موجودگی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت کررہے تھے.
248 رنز پر مشتمل پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی پہلی وکٹ اننگز کی پہلی ہی گیند پر اس وقت گر گئی جب حضرت اللہ ززئی فاسٹ باؤلر عاکف جاوید کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پشاور زلمی کی دوسری وکٹ امام الحق کی صورت میں گری، وہ 35 کے مجموعی اسکور پر 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. انہیں بھی عاکف جاوید نے آؤٹ کیا.
تیسری وکٹ کے لیے شعیب ملک اور کامران اکمل نے 53 رنز کی شراکت قائم کی. دونوں بلے بازوں نے 150 سے زائد کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے، جس کی وجہ سے میچ دلچسپ مرحلے میں داخل ہوگیا تاہم یہ دونوں کھلاڑی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے.
کامران اکمل نے 32 گیندوں پر 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 53 رنز کی اننگز کھیلی. وہ حسین طلعت کا شکار بنے۔
شعیب ملک 36 گیندوں پر 6 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے.
اس دوران شیرفین ردر فورڈ نے اسپنر ظفر گوہر کو ایک ہی اوور میں 4 چھکے جڑ کر میچ میں سنسنی پھیلا دی. اس اوور میں مجموعی طور پر 30 رنز بنے.
تاہم اگلے ہی اوور میں حسن علی نے ردر فورڈ کو آؤٹ کردیا. وہ 8 گیندوں پر 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے. رومن پاؤل 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے
پشاور زلمی کو جیت کے لیے آخری 2 اوورز میں 38 رنز درکار تھے. ایسے میں وہاب ریاض اور عمید آصف نے ہدف کے حصول کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ 15 رنز قبل ہمت ہارگئے.
وہاب ریاض 28 اور عمید آصف 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے.
اسلام آباد یونائیٹڈ کے عاکف جاوید نے 43 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا. حسین طلعت نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی.
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو اسلام آباد یونائیٹڈ نے کپتان عثمان خواجہ کی شاندار سنچری کی بدولت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف بنا ڈالا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 2 کھلاڑیوں کے نقصان پر 247 رنز کا پہاڑ کھڑا کردیا۔ یہ پاکستان کے ٹی ٹونٹی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ کا بھی سب سے بڑا مجموعہ ہے۔
جمعرات کے روز پشاور زلمی کے باؤلرز مکمل طور پر بے بس نظر آئے. اسلام آباد یونائیٹڈ کے بلے بازوں عثمان خواجہ، کولن منرو، برینڈن کنگ اور آصف علی نے میدان کے چاروں اطراف دلکش اسٹروکس کھیلے۔
عثمان خواجہ نے 56 گیندوں پر 187.50 کے اسٹرائیک ریٹ سے 105 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی. ان کی اننگز میں 3 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنرز عثمان خواجہ اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز ہی طوفانی انداز میں کیا. دونوں بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو 98 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا. کولن منرو 28 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 48 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے میدان میں اترنے والے تیسرے بیٹسمین آصف علی تھے. انہوں نے صرف 14 گیندوں پر 43 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی. ان کی اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
برینڈن کنگ بھی 3 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 46 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پشاور زلمی کے شعیب ملک اور ثمین گل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔