اسلام آباد۔ (سپورٹس لنک رپورٹ )ورلڈ اتھلیٹکس اور اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیراہتمام کوچز ایجوکیشن اینڈ سرٹیفکیٹ سسٹم لیول ون کورس گذشتہ روز سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس ، اسلام آباد میں شروع ہوگیا ہے، کورس کا افتتاح چیئر مین پروموشن ڈویلپمنٹ کمیشن ،پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن و رکن ایشیاءریس واک ، بریگیڈیئر (ریٹائرڈ) سلطان محمود ستی نے کیا، اس موقع پر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد ظفر بھی موجود تھے
کورس میں ملک بھر سے 24 کوچز شرکت کر رہے ہیں، اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے رفیق احمد اور لیفٹیننٹ کرنل غلام شبیر انجم کو بالترتیب ڈائریکٹرکورس اور لیکچرار اسسٹنٹ مقرر کیا ہے جبکہ ایونٹ آرگنائز نگ سیکرٹری کے فرائض ممتاز الحق انجام دے رہے ہیں، پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل(ر) محمد اکرم ساہی نے میڈیا کو بتایا کہ کورس کا مقصد کوچز کو اتھلیٹکس کے نئے قواتین اور جدید ٹیکنیک کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے، یہ کورس 30 جون تک جاری رہے گا اور کورس کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کی جائیں گی
ایک سوال کے جواب میں محمد اکرم ساہی نے کہا کہ ملک میں تقربیاً سوا سال سے کرونا وائرس کے باعث کھیلوں کے مقابلے منعقد نہ ہوسکے اور جس سے کھیل اور کھلاڑیوں کا بہت نقصان ہوا ہے اور اب کرونا وائرس کی وباءپر کافی قابو پایا جا چکا ہے، اس لئے پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے یہ کورس منعقد کروانے کا فیصلہ کیا تھا،