انٹرنیشنل اولمپک ڈے پیرا آرچری چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جھنگ کے قاسم طاہر جنجوعہ نے اپنے نام کرلیا

راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)انٹرنیشنل اولمپک ڈے پیرا آرچری چیمپیئن شپ کا ٹائٹل جھنگ کے قاسم طاہر جنجوعہ نے اپنے نام کرلیا، انہوں نے 70میٹر شوٹنگ رینج مقابلوں میں گولڈمیڈل حاصل کیا۔ 30میٹر ڈس ایبلڈ کیٹگری میںپشاور کی حسنہ بیگم اور بلائنڈ کیٹگری میں راولپنڈی کے تنویر احمد نے طلائی تمغے جیت لیے۔ 30میٹر ڈس ایبلڈ کیٹگری میں جھنگ عبدالغفور نے سلور اور فیصل نواز نے برونز میڈل حاصل کیے۔ بلائنڈ کیٹگری میں راولپنڈی کے ولیدعزیز نے چاندی اور پشاور کے فیضان خٹک نے کانسی کاتمغہ جیتا۔

پاکستان سپورٹس کمپلیکس آرچری رینج میں انٹرنیشنل اولمپک ڈے کے موقع پر پاکستان آرچری فیڈریشن کی پیراآرچری کمیٹی کے زیراہتمام چیمپیئن شپ منعقدہوئی جس میں ملک بھر سے 20سے زائد معذور اورنابینا تیراندازوں نے حصہ لیا۔ مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل پاکستان سپورٹس بورڈ کرنل (ر) آصف زمان نے ڈپٹی ڈی جی شاہداسلام، پیراآرچری کمیٹی کے صدرمنظرشاہ، سیکرٹری طاہرملک اورپنجاب آرچری ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری امان اللہ شان کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے

اس موقع پرپختونخواآرچری کلب کی سارہ خان، یوتھ ایجوکیشن اینڈسپورٹس ویلفیئرسوسائٹی کے نائب صدور عرفان خان، شازیہ جاوید،کوچز محمداعجاز اورشفقت اللہ نیازی بھی موجود تھے۔ڈی جی پی ایس بی کرنل(ر) آصف زمان نے کہاکہ کورونا وائرس کی شدت میں کمی کے بعد اب مرحلہ وار کھیلوں کی سہولیات کھولی جارہی ہیں اور انشاء اللہ ہماری کوشش ہوگی کہ کھلاڑیوں کو بہتر سے بہتر سہولیات فراہم کرسکیں۔

تعارف: newseditor