25ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ کا آغاز ہو گیا

کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)25 ویں چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن گالف چیمپیئن شپ 2021، 8 سے 11 جولائی 2021 تک کراچی گالف کلب میں کھیلی جارہی ہے۔ پیٹرن پاک نیوی گالف (ساوتھ) ، کموڈور محمد وقار نے آج کراچی گالف کلب میں افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب میں کمانڈر کراچی، ریئر ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔


25ویں چیف آف دی نیول سٹاف اوپن چیمپیئن شپ پروفیشنلز ، سینئر پروفیشنلز ، جونیئر پروفیشنل ، امیچرز ، سینئرز ، ویٹرنز ، لیڈیز اور جونیئرز کیٹیگریز میں کھیلی جائے گی۔ پروفیشنلز اور امیچرز کے 72 ہولز میچز ، جونیئرز کے لئے 18 ہولز میچز ، خواتین اور سینئرز کے 36 ہولز میچز اور ویٹرنز کے لئے 9 ہولز کے میچز رکھے گئے ہیں۔ ٹورنامنٹ کی انعامی رقم 8.5 ملین روپے ہے ، اس کے علاوہ ، ہول ان ون کے فاتح کے لئے “” ٹویوٹا فارچیونر "اور دیگر کیٹیگریز کے فاتحین کیلئے بہت سارے مزید انعامات رکھے گئے ہیں۔

پاکستان گالف فیڈریشن کے کیلنڈر میں قومی سطح کے گالف ایونٹ کو شامل کرنے کے لئے 1995 میں چیف آف دی نیول اسٹاف گالف چیمپین شپ کا پہلا ایڈیشن کھیلا گیا تھا۔جس کے بعد یہ قومی گالف سرکٹ کا باقاعدہ اور اہم ایونٹ بن چکا ہے۔ چیمپین شپ کا باقاعدہ انعقاد پاک بحریہ کی قومی سطح پر اس کھیل کے فروغ کے لئے وابستگی کا مظہر ہے۔

پاک بحریہ ہمیشہ قومی / بین الاقوامی سطح پر مختلف کھیلوں کے فروغ کے لئے سرگرم عمل رہی ہے۔ گالف کے علاوہ ، پاک بحریہ باقاعدگی سے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کرتی رہی ہے جس میں چیف آف دی نیول اسٹاف انٹرنیشنل اسکواش چیمپیئن شپ ، چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ہاکی چیمپیئن شپ ، چیف آف دی نیول اسٹاف شوٹنگ چیمپیئن شپ اور نیشنل سیلنگ چیمپیئن شپ شامل ہیں۔ پاک بحریہ نے چند سال قبل انٹرنیشنل ملٹری اسپورٹس کونسل سیلنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا تھا جس میں 12 مختلف ممالک کی فوجی ٹیموں نے حصہ لیا تھا۔ 2018 میں ، چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن ایشین ٹور گالف چیمپیئن شپ بھی اسی مقام پر منعقد کی گئی تھی۔

ایسے کھیلوں کے انعقاد سے نہ صرف معاشرے میں صحت مندانہ سرگرمیاں متعارف کروانے میں مدد ملتی ہے بلکہ پوری دنیا میں پاکستان کا تصور ایک کھیل دوست ملک کی حیثیت سے اجاگر کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ ایشین گولڈ میڈلسٹ منیر صادق ، مامون صادق ، ذکا اللہ ، نادیہ رئیس اور کرکٹ کی دنیا کے مشہور بلے باز فخر زمان اور اولمپک کوالیفائنگ شوٹر جی ایم بشیر پاک بحریہ کے پلیٹ فارم سے بین الاقوامی سطح پر نام کمانے والے افراد میں شامل ہیں۔

افتتاحی تقریب میں عنبر تانیہ انصاری جنرل مینیجر مارکیٹنگ اینگرو کارپوریشن لمیٹڈ ، اسپانسرز، ، معزز سول / فوجی حضرات اورسینئر کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

error: Content is protected !!