50ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ (مرد وخواتین) 25نومبر کو شروع ہوگی ،ڈی جی سپورٹس پنجاب

ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے کہا ہے کہ سپورٹس بورڈ پنجاب اور اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے باہمی تعاون سے تین روزہ50ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ (مرد وخواتین) 25نومبر کو شروع ہوگی جو 27نومبر تک جاری رہے گی،چیمپئن شپ میں اداروں اور صوبوں کی 14ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر) اکرم ساہی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، سیکرٹری اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان محمد ظفر ،سینئر اتھلیٹکس کوچ سلمان بٹ دیگر بھی موجود تھے، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے مزید کہا ہے کہ چیمپئن شپ کے تمام مقابلے سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب سٹیڈیم کے ٹارٹن ٹریک پر ہونگے،سپورٹس بورڈ پنجاب تمام اتھلیٹس ٹیموں کو قیام کی بہترین سہولیات فراہم کریگا،50ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ(مرد وخواین) سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا،ان کا کہنا تھا کہ اتھلیٹکس کا نیا ٹیلنٹ سامنے لانے کیلئے سپورٹس بورڈ پنجاب اتھلیٹکس اکیڈمی قائم کی ہے، پنجاب میں سپورٹس کی ترقی کیلئے ٹیبل ٹینس،ٹینس، سوئمنگ اور کرکٹ کی اکیڈمیز قائم کرچکے ہیں، ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمدطارق قریشی نے کہا ہے کہ73ویں پنجاب گیمز 2022ء کے ٹاپ 30کھلاڑیوں کو اتھلیٹکس اکیڈمی میں تربیت دے رہے ہیں،سپورٹس بورڈ پنجاب اتھلیٹکس اکیڈمی سے ارشد ندیم جیسے اولمپئن اتھلیٹ تیار کریں گے۔


صدر اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستا ن میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے کہا ہے کہ50ویں نیشنل اتھلیٹکس چیمپئن شپ(مردوخواتین) کے لئے تعاون پر سپورٹس بورڈ پنجاب کے شکرگزار ہیں،ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی سپورٹس کی ترقی کیلئےبہترین کام کررہے ہیں، دعا ہے اللہ کرے محمد طارق قریشی طویل عرصہ ڈی جی سپورٹس پنجاب کے عہدے پر کام کریں،میجر جنرل (ر) اکرم ساہی نے کہا ہے کہ اتھلیٹس کے لئے بہترین موقع ہے وہ اپنا ٹیلنٹ کا کھل کر اظہار کریں،چیمپئن شپ میں آرمی، نیوی، ایئرفورس، پولیس، واپڈا، ریلوے، ایچ ای سی،پنجاب، سندھ، کے پی کے، بلوچستان اسلام آباد، اے جے کے، گلگت بلتستان کی ٹیمیںحصہ لے رہی ہیں، انہوں نے بتایا کہ چیمپئن شپ میں مردوں کے 23اور خواتین کے 21ایونٹس ہونگے،سپورٹس بورڈ پنجاب اتھلیٹکس اکیڈمی کا قیام خوش آئند ہے،اس کیڈمی میں ایشیاء کے کھلاڑی بھی تربیت لیں گے۔

error: Content is protected !!