گلبرگ ہاکی چیمپینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں ربانی ہاکی کلب نے بلدیہ کلب کو شکست دیدی

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)گلبرگ ہاکی چیمپینز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں ربانی ہاکی کلب نے بلدیہ کلب کو دو کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دیدی۔ پیٹرن انچیف کے ایچ اے میجر جنرل ریٹائرڈ ستارہ امتیاز محمد طارق حلیم سوری نے ایونٹ کے دو بہترین کھلاڑیوں کو کے ایچ اے کی جانب سے اسکالرشپ دینے کا اعلان کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق چار ٹیموں پر مشتمل گلبرگ ہاکی چیمپینز ٹرافی کا افتتاحی میچ ربانی ہاکی کلب اور بلدیہ ہاکی کلب کے درمیان کھیلا گیا۔ کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے اسٹروٹرف گراؤنڈ میں جاری چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں اغاز سے ہی ربانی کلب نے مخالف کے گول پوسٹ پر بھر پور حملے کئے جس کے باعث منیر ربانی دو بار گیند کو گول پوسٹ میں پیھکنے میں کامیاب رہے، فاتح ٹیم کے اوصاف ربانی، ظہیر عباس اور علی رضا ایک ایک گول کرکے اپنی ٹیم کو پانچ گول کی برتری دلادی، جواب میں بلدیہ کلب کے بلال نیاز اور محمد فاخر نے گول کر کے خسارہ 2-5 کردیا، بہترین کھیل پیش کرنے پر فاتح ٹیم کے وجاہت علی ربانی میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے

اس موقع پر میچ کے مہمان خاص کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلی میجر جنرل ریٹائرڈ ستارہ امتیاز محمد طارق حلیم سوری نے ہٹ لگا کر چیمپینز ٹرافی کا افتتاح کیا، افتتاح کے موقع پر سیکریٹری کے ایچ اے حیدر حسین، سابق کپتان اولمپیئن حنیف خان، اولمپیئن کاشف جواد، اولمپیئن سمیر حسین، انٹرنیشنل ہاکی پلیئرز پرویز اقبال، ابوذر امراؤ، چیئرمین کے ایچ اے گلفراز احمد خان، محسن علی خان،امتیاز شیخ، ندیم احمد، ٹورنامنٹ ڈائریکٹر فیصل اسماعیل، اورگنائزگ سیکریٹری عاصم خان، اور ایمپائرز منیجر امتیاز علی حسن بھی موجود تھے

محمد طارق حلیم سوری نے چیمپینز ٹرافی کے دو بہترین کھلاڑیوں مبشر اور قیوم کو کے ایچ اے کی جانب اسکالرشپ دینے کا اعلان کیا، ان کا کہنا تھا کہ تعلیم کے بغیر نا کوئی معاشرہ ترقی کرسکتا ہے اور نہ ہی کوئی کھیل، اس وقت ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی سب سے زیادہ ضرورت ہے، اسکالرشپ حاصل کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کے تعلیمی اخراجات کراچی ہاکی ایسوسی ایشن برداشت کرے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ کے ایچ اے شہر میں زیادہ سے زیادہ انٹر کلبز مقابلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے، ایونٹ کے تمام مین آف دی میچ یوتھ ہاکی کلب کی جانب سے اسپانسر ہیں

چیمپینز ٹرافی کے دوسرے میچ میں گلبرگ ہاکی کلب نے ناظم آباد مجاہد کلب کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے ہرا کر دوسرے مرحلے میں رسائی حاصل کرلی، فاتح ٹیم کے ماذ آفریدی دو گول کرکے میچ کے بہترین کھلاڑی رہے جبکہ نواز آفریدی نے ایک گول کرکے برتری کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا، ناظم آباد مجاہد کا واحد گول راجا تنویر نے کیا


چیمپینز ٹرافی کے لئے کوویڈ19 کی ایس او پی پر عمل درآمد کے لئے سخت اقدامات کئے گئے ہیں، میچ کھیلنے یا دیکھنے کے لئے ہر ایک کے لئے واک تھرو سنیٹائز گیٹ سے گزرنا لازمی ہے جبکہ ماسک اور سنیٹائزز کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔۔۔۔۔

error: Content is protected !!