نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول جاری

لاہور(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ کے دورۂ پاکستان کا شیڈول جاری کردیا۔نیوزی لینڈ کی ٹیم آئندہ ماہ 18 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی، اس دوران مہمان ٹیم آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز اور پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی۔

دونوں ٹیموں کے مابین ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں شامل تینوں میچز راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز 17، 19 اور 21 ستمبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔سیریز میں شامل تمام پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے، جو 25 ستمبر سے 3 اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

جہاں سیریز میں شامل تینوں ون ڈے انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2023 میں رسائی کے لیے اہم ہوں گے تو وہیں پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز بھی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کا بہترین موقع ثابت ہوں گے۔

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی فاتح ٹیم نیوزی لینڈ ٹیسٹ سیریز کھیلنے آئندہ سال پاکستان آئے گی ۔

نیوزی لینڈ وہ پہلی ٹیم ہوگی جو پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ کے لیےترتیب دیئے گئے بمپر کرکٹ سیزن 22-2021 میں شرکت کے لیے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

نیوز ی لینڈ کے بعد انگلینڈ کی مینز اور ویمنز ٹیمیں پاکستان کا دورہ کریں گی، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے کراچی پہنچے گی۔آسٹریلیا کو بھی آئندہ سال فروری مارچ میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

error: Content is protected !!