کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ اسلام آباد مرکز کی ہدایات پریوم آزادی کی مناسبت سے پی ایس بی کراچی سینٹر میں بھی اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد کیاگیاجن میں بیڈ منٹن اور ٹیبل ٹینس کے علاوہ ایتھلیٹکس مقابلے بھی شامل تھے۔بیڈ منٹن ایونٹ میں مینز سنگلز ٹائٹل عبداللہ صدیقی کے نام رہا جبکہ ویمنز سنگلز میں عمارہ اشتیاق فاتح رہیں۔فیاض الرحمان اور ثنا حنیف رنر اپ رہے۔سابق نیشنل بیڈ منٹن چیمپئن احسن قمر اور کے پی ٹی کے منیجر اسپورٹس حسن عسکری نے ڈائرکٹر پی ایس بی عبدالحفیظ سندیلہ کے ہمراہ کامیاب کھلاڑیوں میں انعامات،اسناد اور ٹرافی تقسیم کیں۔ٹیبل ٹینس ایونٹ میں مینز سنگلز کے فائنل میں صائم عدنان نے کیف ریاض کو3-1سے مات دے کر ایونٹ اپنے نام کیا جبکہ ویمنز سنگلز کے ٹائٹل میچ میں حائقہ حسن نے حور فواد کو3-1سے زیر کر کے ٹائٹل جیتا۔
مینز سنگلز میں 64اور ویمنز میں 16خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی تھی۔پی ایس بی جشن آزادی اتھلیٹکس چیمپئن شپ کے اوپن گروپ میں سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ بوائز نے 76 پوائنٹس کے ساتھ پہلی جبکہ اسپیڈ اسٹار ٹریک اینڈ فیلڈ بوائز نے 43 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔اوپن گروپ گرلز میں سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ اور کراچی اسکولز اینڈ گیمز اکیڈمی کے -47 47 پوائنٹس برابر ہونے کے بعد زیادہ گولڈ میڈلز کی بنا پر کراچی اسکولز اینڈ گیمز اکیڈمی کو فاتح اور سندھ ٹریک اینڈ فیلڈ کو رنر اپ ٹرافی دی گئی۔ چمپئن شپ کے مہمان خصوصی سابق ایتھلیٹ اور کوچ ایم طالب تھے جبکہ اس موقع پر محبوب داؤد،عمران خان اور پی ایس بی کے ڈائرکٹر عبدالحفیظ سندیلہ نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔