کراچی (اسپورٹس نیوز) سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے تعاون سے 27اگست کو دنیا بھر کی طرح انٹر نیشنل باکسنگ ڈے کی تقریب استاد علی محمد قمبرانی باکسنگ اسٹیڈیم ککری گراؤنڈ لیاری میں منعقد کی گئی جس میں کراچی کے ساتوں اضلاع کے باکسرز نے شیڈو باکسنگ، اسکیپنگ روب، بیگ پنچنگ، ٹارگٹ کلنگ کے مظاہرے کیئے۔ جس میں کوچنگ کے فرائض محمد امین، عبدالخالق موسیٰ قمبرانی، تنویر خان اور اختر بلوچ نے انجام دیئے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اولمپیئن ملنگ بلوچ نے کہا کہ آج کا دن باکسنگ کی تاریخ کے حوالے سے یاد رکھا جاتا ہے۔
جو دنیا بھر میں منایا جاتاہے۔ کیونکہ اسی دن باکسروں کو یہ باور کرائی گئی تھی کہ باکسنگ کھیل ایک سائنس ہے، اس کو سمجھنا اور اسی کے فن کو استعمال کرتے ہوئے اپنے مقصد کو حاصل کرنا ایک بہترین نمونہ ہے۔ اس موقع پر 50مختلف کیٹیگریز کے باکسرز نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا اور شائقین سے داد وصول کی۔ سندھ باکسنگ ایسوسی ایشن کے صدر اصغر بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان باکسنگ فیڈریشن کے شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے اس پروگرام کے انعقاد میں ہمارے ساتھ مکمل تعاون کیا اور شرکت کرنے والوں کو ٹی شرٹس کے انعامات سے نوازا گیا۔ اور امید کرتے ہیں کہ آئندہ بھی اس طرح کے تعاون جاری رکھیں گے۔ تاکہ ہماری باکسنگ کی حوصلہ افزائی ہوسکے۔