پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے زیر اہتمام 13ویں پاکستان پریمیئر فٹ بال لیگ میں پاکستان آرمی نے سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کو 1-3 گول سے شکست دے کر اپنے اکاؤنٹ میں تین پوائنٹس کا اضافہ کر لیا ہے۔ گذشتہ شب قاسم باغ فٹ بال سٹیڈیم ملتان میں کھیلے گئے میچ میں وقفے تک پاکستان آرمی کو ایس این جی پی کے خلاف 0-1 گول سے برتری حاصل تھی۔ پہلے ہاف کے 32 ویں منٹ میں پاکستان آرمی کی جانب سے انصر عباس نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی اس برتری کو 77ویں منٹ میں محمد جمیل نے دگنا کرتے ہوئے مقابلہ 0-2 کردیا اور 83 ویں منٹ میں محمد جمیل نے ہی گول کرکے پاکستان آرمی ٹیم کی کامیابی کو یقینی بناتے ہوئے مقابلہ 0-3 گول کردیا۔
اس کے بعد 87 ویں منٹ میں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز کے صمد خان نے گول کرکے کم مارجن کرتے ہوئے مقابلہ 1-3 گول کردیا جو مقررہ وقت تک جاری رہا۔ ریفریز کے فرائض احمد رئوف، محمد آصف اور ندیم بٹ نے جبکہ میچ کمشنر کے شفاعت حبیب نے انجام دیئے۔ اس کے ساتھ ملتان میں پہلا مرحلہ اختتام پذیر ہوا اور دوسرے مرحلے کے آغاز کا اعلان جلد کر دیا جائے گا۔