پشاور(سپورٹس رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں شروع کئے جانیوالے ایک ہزار سپورٹس سہولیات پراجیکٹ کے تحت صوبہ بھر میں اربوں روپے کے منصوبے جاری ہیں جبکہ 151 منصوبے اب تک مکمل ہوچکے ہیں اس سلسلے میں کھیلوں کے ایک ہزار پراجیکٹ کے ڈائریکٹر مراد علی مہمند نے گزشتہ روز ڈی آئی خان کے علاقہ رتہ کلاچی میں کرکٹ اکیڈمی کا دورہ کیا ان کے ہمراہ انجینئرز اور آر ایس او انور کمال برکی بھی موجود تھے یہ منصوبہ بھی جلد ہی مکمل ہونے والا ہے کرکٹ اکیڈمی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے معیار کے مطابق تیار کیا جارہا ہے
پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند نے کام کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ منصوبے کو اگلے ماہ تک مکمل کیا جائے ‘ٹیم نے پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند اور آر ایس او انور کمال برکی کے ہمراہ لاء کالج گومل یونیورسٹی بیڈمنٹن ہال کا بھی دورہ کیا جہاں کام آخری مراحل میں ہے جسے آئندہ ماہ مکمل کرکے آر ایس او کے حوالے کیا جائے گا’ٹیم نے نیلی کوٹی ڈی آئی خان میں بھی بیڈمنٹن ہال کا دورہ کیا جہاں کام فنڈر کی کمی کے باعث روک دیا گیا تھا پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند نے یقین دہانی کرائی کہ جلد ہی منصوبے کے لئے فنڈز جاری کر دئیے جائیں گے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی کہ منصوبے پر جلد کام شروع کیا جائے
ٹیم نے ٹانک فٹبال گرائونڈ کا بھی دورہ کیا جہاں منصوبہ 8.7 ملین کی لاگت سے مکمل کر لیا گیا ہے ‘ ٹیم نے ٹانک سٹی سٹیڈیم میں بیڈمنٹن ہال ‘لان ٹینس’باسکٹ بال کورٹس اور فٹبال گرائونڈ کی تزئین و آرائش کے کام کا بھی جائزہ لیا اور کام کو سراہا’پراجیکٹ ڈائریکٹر مراد علی مہمند نے وزیراعلیٰ محمود خان ‘سیکرٹری سپورٹس عابد مجید اور ڈی جی سپورٹس اسفندیار خان خٹک کو خراج تحسین پیش کیا کہ وہ خود ان منصوبوں کی نگرانی کررہے ہیں جس سے صوبہ بھر میں تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے ان اقدامات سے کھیلوں کو بھرپور فروغ ملے گا اور کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع ملیں گے اور ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچ جائے گا اس کیساتھ باصلاحیت کھلاڑی بھی سامنے آئیں گے جو نہ صرف صوبائی’قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔