سابق ٹیسٹ کرکٹر یونس خان نے انگلینڈ کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے پر رد عمل میں کہا ہےکہ اب پاکستان کو کرکٹ کی دنیا میں اپنا طرزِ عمل تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
یونس خان نے نجی ٹی وی چینل پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب تک ہم اپنے کھلاڑیوں کی عزت نہیں کریں گے ، باہر والوں کا رویہ یہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آپ اگر کسی کے گھر جاتے ہیں تو اُمید کرتے ہیں کہ وہ بھی ہمارے گھر آئیں گے اور دوستی اسی طرح بڑھتی ہے، ٹیموں کے دورے منسوخ کرنے کے بعد ہمیں بہت آرگنائز ہونا پڑے گا۔
یونس خان کا کہنا تھاکہ ورلڈ کپ کی ٹیم جیسی بھی ہے ہمیں کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا چاہیے، جب دوسری ٹیمیں اپنے کھلاڑیوں کو اتنا کمفرٹ دے سکتیں ہیں تو ہم کیوں اپنے کھلاڑیوں پر اتنا دباؤڈالتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیئرمین رمیز راجہ باتیں کم کریں، اب کام کرنے کا وقت ہے ، ورلڈ کپ ٹی 20 میں نیوزی لینڈ سے کھیلنے یا نہ کھیلنے پر غور کرنا چاہیے۔