کرکٹ ایسوسی ایشنز کی انڈر 19 ٹیموں کےلیے ٹرائلز 25 ستمبر سے شروع ہوں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کی بارہ انڈر 19 کرکٹ ٹیموں کے ٹرائلز 25 ستمبر سے یکم اکتوبر تک جاری رہیں گے۔

ان ٹرائلز کی نگرانی جونیئر سلیکشن کمیٹی کرے گی، جس میں سلیم جعفر (سربراہ)، وجاہت اللہ واسطی، جاوید حیات، ثناء اللہ بلوچ اورتوفیق عمر شامل ہیں۔ کامران خان بطور اضافی رکن ان ٹرائلز کی نگرانی کریں گے۔

ان ٹرائلز سے منتخب کردہ کھلاڑی نیشنل انڈ 19 چیمپئن شپ (تھری ڈے فارمیٹ) اور نیشنل انڈر 19 کپ (ون ڈے فارمیٹ) میں شرکت کریں گے۔ہر کرکٹ ایسوسی ایشنز کی دو انڈر 19 ٹیمیں ان ٹورنامنٹس میں شرکت کریں گی۔

ان ٹیموں کی تشکیل کے لیے منعقدہ ٹرائلز میں شرکت کے لیے 490 ایسے کھلاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے کہ جنہوں نے سٹی کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ۔

صرف یکم ستمبر 2002 کو یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑی ہی ان ٹرائلز میں شرکت کے اہل ہوں گے۔ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2022 کے لیے بھی یہی ایج کرائیٹریا مقرر کیا گیا ہے۔

پانچ کرکٹ ایسوسی ایشنز میں یہ ٹرائلز دو دن تک جاری رہیں گے تاہم سینٹرل پنجاب میں یہ ٹرائلز دو مختلف مقامات پر تین روز تک جاری رہیں گے۔

ناردرن انڈر 19، سدرن پنجاب انڈر 19 اور سندھ انڈ ر 19 ٹیموں کے لیے ٹرائلز 25 اور 26ستمبر کو بالترتیب نیشنل کرکٹ گراؤنڈ اسلام آباد، ملتان کرکٹ اسٹیڈیم اور نیشنل اسٹیڈیم کراچی اوول گراؤنڈ میں لیے جائیں گے۔

بلوچستان انڈر 19 اور کے پی انڈر 19 ٹیموں کے لیے ٹرائلز 29 اور 30 ستمبر کو بگٹی اسٹیڈیم کوئٹہ اور ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔

سینٹرل پنجاب انڈر 19 کے لیے ٹرائلز سعید اجمل اکیڈمی گراؤنڈ فیصل آباد میں 29 ستمبر کو جبکہ ٹاؤن شپ کرکٹ گراؤنڈ لاہور میں یہ ٹرائلز 30 ستمبر سے یکم اکتوبرتک منعقد کیے جائیں گے۔

اس دوران کوویڈ 19 پروٹوکولز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ٹرائلز کے لیے مقررہ وینیوز پر داخلے کے وقت شرکاء کا ٹمپریچر چیک کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کو ایک دوسرے کا سامان استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ باؤنڈری سے باہر موجود شرکاء کے لیے اپنے چہروں کو ماسک سے ڈھانپنا لازمی ہوگا۔اس دوران گیند پر تھوک لگانا منع اور سماجی فاصلے کا خیال رکھنا ہوگا۔

تعارف: newseditor