ناردرن نے ٹیبل ٹوپر خیبرپختونخوا کو 14 رنز سے ہرادیا

ناردرن نے ٹیبل ٹوپر خیبرپختونخوا کو 14 رنز سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹونٹی کے پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ناردرن کی ٹیم اب تک ٹورنامنٹ میں چھ میچز کھیل کر چار میں کامیابی حاصل کرچکی ہے۔

182 رنز کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بناسکی۔نصف سنچری بنانے اور دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر محمد نواز کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کے بیٹرز اپنی اننگز کا پراعتماد آغاز نہ کرسکے اور محض 64 کے مجموعے پر اس کے تین ان فارم بیٹرز کپتان محمد رضوان 17، اسرار اللہ 25 اور صاحبزادہ فرحان13 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے۔

ایسے میں افتخار احمد نے مزاحمت کی بھرپور کوشش کی۔ انہوں نے حریف باؤلرز پر چھکوں کی بارش کرتے ہوئے دلکش نصف سنچری اسکور کی مگروہ بھی اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ انہوں نے 34 گیندوں پر 58 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ اس اننگز میں 5 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔

اس دوران انہوں نے آصف آفریدی اور عادل امین کے ہمراہ بالترتیب 45 اور 36 رنز کی شراکت قائم کی۔

ایک موقع پر خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 28 رنز درکار تھے۔تاہم سہیل تنویر کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے شاہین شاہ آفریدی اور محمد عمران 19ویں اوور میں صرف 5 رنز ہی بناسکی، جو ناردرن کو فتح کے اور قریب لے گیا۔

علی عمران نے آخری اوور میں صرف آٹھ رنز دے کر ناردرن کو 14 رنز سے فتح دلادی۔ شاہین آفریدی 13 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ علی عمران نے 5 اسکور بنائے۔

ناردرن کے حارث رؤف نے میچ میں تین جبکہ محمد نواز نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ علی عمران، شاداب خان اور سلمان ارشاد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ناردرن نے خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کا آغاز کیا تو شاہین شاہ آفریدی کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت اس کی ابتدائی دو وکٹیں محض ایک کے مجموعی اسکور پر اس وقت گریں جب علی عمران اور حیدر علی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس روانہ ہوگئے۔

چوتھے نمبر پر میدان میں اترنے والے عمر امین نے اوپنر ناصر نواز کے ہمراہ 52 رنز کی شراکت قائم کرکے ناردرن کے لیے ری بلڈنگ کے عمل کا آغاز کیا۔ عمرا مین 27 اور ناصر نواز 24 رنز بناکر آؤ ٹ ہوئے۔

تاہم ناردرن کی اننگز کی طویل ترین پارٹنرشپ کپتان شاداب خان اور محمد نواز نے بنائی۔ دونوں بیٹرز نے پانچویں وکٹ کے لیے 89 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 180 کے پار پہنچانے میں اہم کردار اداکیا۔

محمد نواز نے 34 گیندوں پر 3 چھکوں اور ایک چوکے کی بدولت 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ وہ ٹورنامنٹ میں گیارہ چھکے لگا کر اب تک نیشنل ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔شاداب خان نے 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی بدولت 170 کے اسٹرائیک ریٹ سے 46 رنز کی اننگز کھیلی۔

آصف علی نے بھی برق رفتار 21 رنز بنائے۔ ناردرن نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ اسرار اللہ، عمران خان سینئر اور آصف آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

تعارف: newseditor