46ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل آج کھیلا جائیگا

16سالہ احسن رمضان نے 46ویں قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، جہاں ان کا مقابلہ سابق چیمپئن محمد سجاد سے ہوگا ۔ سیمی فائنل میں جونیئر چیمپئن احسن رمضان نے تجربہ کار بابر مسیح کو ہرایا جبکہ سجاد نے حارث طاہر کو شکست دی ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری قومی اسنوکر چیمپئن شپ کے دونوں سیمی فائنلز میں سنسنی خیز مقابلہ ہو ا۔گزشتہ برس انڈر 16، انڈر 18 اور اس سال انڈر 17 چیمپئن شپ جیتنے والے احسن رمضان نے سیڈ نمبر 8 ، تجربہ کار بابر مسیح کو بیسٹ آف 11 فریمز کے معرکے میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 5-6 سے شکست دی اور قومی اسنوکر چیمپئن شپ کا فائنل کھیلنے والے سب سے کم عمر کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل 2013 میں حمزہ اکبر نے 19 سال کی عمر میں یہ فائنل کھیلا تھا۔احسن رمضان نے یہ میچ 22-55 ،9-83، 11-101، 8-83، 0-70، 58-59، 2-60، 2-84،

48-54،46-57،2-60کے اسکور سے جیتا۔فائنل میں احسن کا مقابلہ محمد سجاد سے ہوگا، سجاد نے سیمی فائنل میں حارث طاہر کو 4-6 سے شکست دی ۔ دونوں پلیئرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا ۔ ایک فریم سجاد جیت جاتے تو دوسرا حارث ،ابتدائی8 فریمز یہی سلسلہ رہا اور اس موقع پر مقابلہ 4-4 تھا مگر سجاد نے نواں اور دسواں فریم شاندار انداز میں جیت کر فائنل میں جگہ بنالی۔فائنل آج پیر کو کھیلا جائے گا جس کے فاتح کو ایک لاکھ روپے جبکہ رنر اپ کو50 ہزار روپے انعام دیا جائے گا ۔

تعارف: newseditor