اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو تین وکٹوں سے ہرادیا۔ کے پی نے اپنی دوسری اننگز میں 133 رنز کا ہدف 7 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ محمد سرور آفریدی نے 82 رنز بنائے۔ علی شفیق نے میچ میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل 58 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 190 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے خیبرپختونخوا کے اسپنر ساجد خان نے دوسری اننگز میں 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس سے قبل سدرن پنجاب کے 202 رنز کے جواب میں کے پی نے اپنی پہلی اننگز میں 260 رنز بنائے تھے۔
ایل سی سی اے گراؤنڈ لاہور میں کھیلے گئے میچ میں فالو آن کا شکار سندھ کی ٹیم سعد خان اور سیف اللہ بنگش کی شاندار 348 رنز کی شاندار شراکت کی بدولت میچ ڈرا کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ سعد خان نے 17 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 203 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ سیف اللہ بنگش 21 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 187 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ سندھ نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 517 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔ جواب میں ناردرن نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 75 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ اس سے قبل ناردرن کے 368 رنز کے جواب میں سندھ کی ٹیم پہلی اننگز میں 128 رنز بناکر فالو آن کا شکار ہوگئی تھی۔
اُدھر بلوچستان اور سینٹرل پنجاب کے مابین رانا نوید الحسن اکیڈمی شیخوپورہ میں کھیلا گیا میچ بھی ڈرا ہوگیا۔ عمران ڈوگر کی 143 رنز کی اننگز کی بدولت پہلی اننگز میں سینٹرل پنجاب کے 418 رنز کے جواب میں بلوچستان نے اپی پہلی اننگز 9 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنائے۔ 81 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سینٹرل پنجاب نے 4وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنا کر اپنی دوسری اننگز ڈکلیئر کردی۔ عابد علی نے 96 اور عمران ڈوگر نے 93 رنز بنائے۔ جواب میں بلوچستان نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ عمران ڈوگر 56 اور عظیم گھمن 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔