تین مختلف شہروں میں جاری قائد اعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ میں دوسرے روز کھیل کی اہم بات نادرن پنجاب کے فاسٹ بائولر موسیٰ خان کی پانچ وکٹیں تھیں، یہ پہلا موقع ہے کہ اپنا دسواں ڈومیسٹک میچ کھیلنے والے موسیٰ خان نے اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں،قذافی سٹیڈیم لاہور میں جاری میچ میں خیبرپختونخوا کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 337 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی، صاحبزادہ فرحان71، افتخار احمد 51 اور اسرار اللہ 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نادرن کی جانب سے موسیٰ خان نے پانچ اور منیر ریاض نے دو وکٹیں حاصل کیں، دوسرے کھیل کے اختتام تک نادرن نے جواب میں چار وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز سکور کر لئے تھے ،فیضان ریاض 57 اور مبشر خان 59 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں جاری بلوچستان سندھ کے میچ میں بلوچستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 402 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئی،عمران بٹ 104،امام الحق 97، بسم اللہ خان 74 اور عبدالوحید بنگلزئی نے 63 رنز بنائے، سندھ کی جانب سے میر حمزہ، محمد حسنین، محمد اصغر اور عاشق علی نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جواب میں سندھ کی ٹیم نے دوسرے روز کھیل کے اختتام تک ایک وکٹ کے نقصان پر 91رنز بنا لئے تھے ،سعد خان 43 اور خرم منظور 33 کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔
ملتان سٹیڈیم میں جاری سدرن پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے درمیان میں میچ میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم 384 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہو گئی،عابد علی 158، احمد شہزاد 63 اور حسین طلعت 52 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، سدرن کے علی عثمان نے چار، عامر یامین اور محمد الیاس نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔جواب میں دوسرے روز کھیل کے اختتام تک سدرن پنجاب کی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے تھے طیب طاہر 56رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ ہیں۔