پہلی مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے والی نمیبیا نے سپر 12 مرحلے کے اپنے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں نمیبیا نے ٹاس جیت کر اسکاٹ لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔
نمیبیا کے بولر روبن ٹرمپل مین نے پہلے ہی اوور میں اسکاٹ لینڈ کے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اس کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی تھی جبکہ چوتھا نقصان 18 پر اٹھانا پڑا۔
ایسے میں مائیکل لیسک نے 44 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔
انہوں نے پہلے 19 رنز بنانے والے میتھیو کراس کے ساتھ اور پھر 25 رنز بنانے والے کرس گریوس کے ساتھ پارٹنرشپس بناکر ٹیم کی سنچری مکمل کروائی۔
نمیبیا کی بہترین بولنگ کے باعث اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 109 رنز بنائے۔
ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کا آغاز تو اچھا رہا، تاہم اننگز کے درمیان میں بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، جس کے بعد جے جے سمٹ نے 32 رنز کی اعصاب شکن باری کھیل کر 110 رنز کا ہدف پورا کرتے ہوئے ٹیم کو جیت دلائی۔
نمیبیا کی جانب سے کریگ ولیمز 23 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔
فاتح ٹیم کے بولر روبن ٹرمپل مین کو بہترین بولنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔