ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ،افغانستان نے نمیبیا کو شکست دیدی

مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سپر 12 اسٹیج کے گروپ 2 کے میچ میں افغانستان نے نمیبیا کو باآسانی 62 رنز سے شکست دے دی۔ افغانستان کی جانب سے دیے گئے 161 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 98 رنز بناسکی۔

ابوظبی میں کھیلے جارہے اس میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔نمیبیا کے بولرز نے اچھی گیندبازی کرتے ہوئے افغانستان کے بیٹرز کو مشکلات کا شکار کیا، تاہم افغان بیٹسمین اپنے تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے رنز بناتے رہے۔

پہلے اوپننگ بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نے 33 رنز کی اننگز کھیلی جس کے لیے انہوں نے 27 گیندوں کا سہارا لیا، ان کے ساتھ آنے والے محمد شہزاد نے 33 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔اپنے کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے اصغر افغان نے 23 گیندوں پر 31 رنز بنائے جبکہ کپتان محمد نبی نے پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 گیندوں پر 32 رنز بٹورے۔

تمام بیٹرز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت افغانستان کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 160 رنز بناسکی۔نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرمپلمین اور نکل لوفٹی ایٹن دو دو وکٹیں لیں جبکہ جے جے سمت نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

تعارف: newseditor