پی ایس ایل 7، نسیم شاہ کی 5 وکٹیں، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز فتح یاب، کراچی کنگز پھر ناکام

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نسیم شاہ کی 5 وکٹوں کی شان دار کارکردگی کی بدولت کراچی کنگز کو باآسانی 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

کپتان بابراعظم اور شرجیل خان نے بیٹنگ شروع کی لیکن گزشتہ میچ میں اچھی بلے بازی کرنے والے شرجیل خان صرف 10 رنز بن اکر سہیل تنویر کی وکٹ بن گئے۔سہیل تنویر نے گلیڈی ایٹرز کو تیسرے اوور کی تیسری گیند پر ایک اور کامیابی دلاتے ہوئے جو کلارک کی وکٹیں اڑادیں، جنہوں نے صرف 2 رنز بنائے تھے۔

کنگز کے ابتدائی دو بلے باز 18 رنز پر پویلین لوٹے تو ٹم لیمونبی کپتان کا ساتھ نبھانے آئے لیکن نسیم شاہ نے ان کی اننگز 3 رنز تک محدود کردی۔نسیم شاہ نے خطرناک آل راؤنڈر محمد نبی کو کھاتہ کھولنے کی اجازت بھی نہیں دی اور سرفراز کے ہاتھوں وکٹوں کے پیچھے کیچ کرا دیا۔

کنگز کا اسکور 34 رنز پر پہنچا تو نسیم شاہ نے گریگوری کی وکٹ بھی گرادی، جنہوں نے 5 رنز بنائےمحمد نواز نے 6 رنز بنا کر کھیلنے والے محمد طحہ کوووڈ کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔محمد حسنین نے 12 ویں اوور کی پانچویں گیند پر بابراعظم کو بھی چلتا کردیا، کپتان نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے۔

عامریامین نے 20 رنز بنا کر کپتان کا ساتھ دیا لیکن فلکنر نے 81 کے مجموعے پر آؤٹ کرکے کنگز کی آٹھویں وکٹ حاصل کی۔عماد وسیم نے آخری وکٹ میں جارحانہ موڈ اپنایا اور 26 رنز بنائے لیکن نسیم شاہ نے انہیں آؤٹ کرکے اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔کراچی کنگز کی پوری ٹیم 18 ویں اوور کی تیسری گیند پر 113 رنز آؤٹ ہوگئی۔

گلیڈی ایٹرز نے ہدف کا پراعتماد انداز میں آغاز کیا۔احسان علی اور ول اسمیڈ نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 76 رنز بنائے تاہم محمد عمران نے ول اسمیڈ کوآؤٹ کرکے پہلی وکٹ حاصل کی، جنہوں نے 30 رنز بنائے تھے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دوسری وکٹ 83 کے اسکور پر گری جب بین ڈکیٹ 14 ویں اوور کی تیسری گیند پر دوسرے رن کے لیے دوڑے لیکن انہیں احسان علی نے واپس بھیج دیا اور وہ وقت پر نہیں پہنچ سکے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 16 ویں اوور کی پانچویں گیند پر باؤنڈری کے ساتھ 115 رنز بنا کر 113 رنز کا ہدف حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔کراچی کنگز کو مسلسل دو میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

error: Content is protected !!