حسیب اللہ، اسد شفیق، عمر امین اور محمد سرور کی پاکستان کپ میں سنچریاں

 

 

اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے گئے میچ میں بلوچستان نے سدرن پنجاب کو 105 رنز سے شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے نوجوان حسیب اللہ اور تجربہ کار اسد شفیق کی سنچریوں کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔ حسیب اللہ نے 134 گیندوں پر ایک چھکے اور 20 چوکوں کی بدولت 142 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ اسد شفیق نے 78 گیندوں پر ایک چھکے اور 15 چوکوں کی مدد سے 101 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ جواب میں یاسر شاہ کی بہترین باؤلنگ کی بدولت سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 215 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ یاسر شاہ نے 44 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شارون سراج 62 اور خوشدل شاہ 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سندھ نے سینٹرل پنجاب کو 3 وکٹوں سے ہرادیا۔ سندھ نے 135 رنز کا ہدف 35.1 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنر خرم منظور 42 اور محمد حسن ناٹ آؤٹ 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ عثمان قادر نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل سینٹرل پنجاب کی پوری ٹیم 29 اوورز میں 134 رنز پرآؤٹ ہوگئی تھی۔ عمر اکمل نے 39 رنز اسکور کیے تھے۔ شاہنواز دھانی اور ابرار احمد نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

 

ہاؤس آف ناردرن اسلام آباد میں کھیلے گئے میچ میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ خیبرپختونخوا نے 270 رنز کا ہدف تین گیندیں قبل حاصل کرلیا۔ محمد سرور نے ایک چھکے اور 12 چوکوں کی بدولت 119 رنز اسکور کیے۔عماد وسیم نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس سے قبل عمر امین کی ناقابل شکست سنچری کی مدد سے ناردرن نے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 269 رنز بنائے۔ عمر امین نے 2 چھکوں اور 13 چوکوں کی بدولت ناٹ آؤٹ 124 رنز بنائے۔ محمد سرور نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

تعارف: newseditor