پاکستان کے باکسر محمد وسیم آئی بی ایف فلائی ویٹ مقابلے میں برطانوی حریف سنی ایڈورڈز کے ہاتھوں شکست کھا گئے، پاکستانی باکسر محمد وسیم کو شکست دیکر برطانوی باکسر سنی ایڈورڈز نے اپنا ناقابل شکست رہنے کا ریکارڈ برقرار رکھا، دونوں باکسرز کے درمیان بارہ رائونڈ پر مشتمل مقابلے کے اختتام پر ججز نے سنی ایڈورڈز کو 115-111،115-111 اور 116-110 سے فاتح قرار دیا، دونوں باکسرز کے درمیان بارہ رائونڈ مقابلے میں شائقین کو شاندار مکا بازی دیکھنے کو ملی، پہلے اور دوسرے رائونڈ میں محمد وسیم نے اپنے حریف پر تابڑ توڑ مکے برسا کر اسے دبائو کا شکار کرنے کی کوشش کی تاہم ایڈورڈز نے ان کے ہر وار کو ناکام بنایا
اس دوران دونوں کے درمیان ٹکر بھی ہوئی اور محمد وسیم کی بائیں آنکھ پر چوٹ آئی تاہم 34 سالہ محمد وسیم نے مقابلہ جاری رکھا ،اپنی کامیابی کے بعد سنی ایڈورڈز کا کہنا تھا کہ مقابلے سے قبل میں سمجھ رہا تھا کہ مقابلہ آسان ہوگا بے شک میں جیت گیا ہوں مگر محمد وسیم بہت سخت جان باکسر ہے اور یہ بات مجھے رنگ میں اترنے کے بعد معلوم ہوئی ان کا کہنا تھا کہ محمد وسیم کے ساتھ مقابلہ کرکے مزہ آیا ہے۔