انڈر21 خیبرپختونخوا گیمز ، ایبٹ آباد نے بیڈمنٹن اور والی بال ٹرافی جیت لی

پشاور( سپورٹس رپورٹر) انڈر21 خیبر پختونخوا گیمز میں ایبٹ آباد نے بیڈمنٹن اور والی بال ٹرافی اپنے نام کرلی ،نیٹ بال میں پشاور نے بنوں کو ہراکر اپنے اعزاز کا دفاع کیا، عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں بیڈمنٹن فائنل میں ایبٹ آباد نے پشاور کو شکست دیکر بیڈمنٹن ٹائٹل اپنے نام کرلی ، فائنل پشاور کو تین صفر سے شکست کا سامنا ، مہمان خصوصی ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خالد خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی ، ڈائریکٹرڈویلپمنٹ سلیم رضا، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر تحسین اﷲ، ایڈمن آفیسر محمد عمران ، صوبائی بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے سیکرٹری امجد خان ، کوچز حیات اﷲ ، ندیم خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں ، ڈائریکٹریٹ آف سپورٹس خیبرپختونخوا کے زیراہتمام انڈر21 خواتین گیمز کے سلسلے میں عبدالولی خان سپورٹس کمپلیکس چارسدہ میں بیڈمنٹن کا فائنل پشاور اور ایبٹ آباد کے مابین کھیلا گیا

 

جس کے پہلے میچ میں ایبٹ آباد کی حنا نے پشاور کی اقراء کو دو صفر سے شکست دی ، دوسرے میچ میں ایبٹ آباد کی کائنات اور مہراج نے پشاور کی فریال اور اقراء کو دو صفر سے شکست دی ، تیسرے میچ میں ایبٹ آباد کی کائنات نے پشاور کی نور کو دو ایک سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی ، انڈر21 گیمز کے سلسلے میں پشاور یونیورسٹی میں والی بال کا فائنل ایبٹ آباد اور مردان کے مابین کھیلاگیا جس میں ایبٹ آباد نے مردان کو 25-20 اور 25-23 سے شکست دیکر فاتح ہونے کا اعزاز حاصل کیا ۔ اس سے قبل سیمی فائنل میں ایبٹ آباد نے ڈی آئی کو دو صفر جبکہ مردان نے ملاکنڈ کو دو ایک سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی ۔ فائنل تقریب کی مہمان خصوصی ڈائریکٹریس سپورٹس رشیدہ غزنوی تھی جنہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے ان کے ہمراہ ریجنل سپورٹس آفیسر عزیز اﷲ خان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر جمشید بلوچ موجو د تھے ۔ اسی طرح نیٹ بال فائنل میں پشاور نے بنوں کو سات پانچ سے شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرلی ، پہلے سیمی فائنل میں پشاور نے ہری پور کو گیارہ نو سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں بنوں نے سوات کو چھ پانچ سے ہراکر فائنل تک رسائی حاصل کی۔

تعارف: newseditor