پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے ملائیشیا کی ویمن بیس بال ٹیم کو اموجا بلڈرز ویمن بیس بال سیریز کے دوسرے میچ میں 18-7 سے ہرادیا

پاکستان اور ملائیشیا کی نیشنل ویمن بیس بال ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل اموجا بلڈرز ویمن بیس بال سیریز کے مقابلے بحریہ ٹاؤن لاہور میں جاری ہیں۔ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے ملائیشیا کی ٹیم کو18-7 سے شکست دے دی۔
سیریز کے دوسرے میچ کے مہمان خصوصی اموجا بلڈرز کے سی ای او اسامہ احمد تھے۔ پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ویمن ونگ کی چیئر پرسن سعدیہ علوی، پنجاب بیس بال ایسوسی ایشن کی نائب صدر ڈاکٹر شاھین گلریز، ہیڈ کوچ مصدق حنیف اور ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سزالی حسین بھی موجو د تھے۔ قومی ترانے کے بعد مہمان خصوصی سے دونوں ٹیموں کا تعارف کروایا گیا۔ دوسرے میچ کے لئے چیف امپائر کے فرائض محمد زبیر وٹو نے سرانجام دئیے جبکہ ان کا ساتھ دینے والوں میں جمیل کامران، عمران مغل اور نفیزہ بنت محمد تائب شامل تھے۔

سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان ٹیم نے ملائیشیا کی ٹیم کو 18-7 سے شکست دے دی۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے زاہدہ غنی اور اُم ھانی نے 3 رن، آسیہ صدیقہ، آنسہ ارشاد، نورینہ، سدرہ ریاست اور مریم بٹ نے2 رن جبکہ زینب ریاض اور حمیرا خان نے1 رن بناکر فتح میں حصہ ڈالا۔ ملائیشین کھلاڑیوں نے آج قدرے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 رن بنائے۔ ملائیشیا کی جانب سے نورینہ نے 2 رن بنائے جبکہ ستی نور عائشہ، فرح بنت رملی، ستی نورفرحین، نورالعین فرح اور افرینہ نے 1 رن سکورکیا۔
میچ میں فتح کے بعد پاکستان ٹیم کی کپتان زینب ریاض کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں ملائیشین ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ٹف ٹائم دیا۔ لیکن ہماری کھلاڑیوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشین ٹیم کو شکست دی۔
میچ میں شکست کے بعد ملائشین ٹیم کی کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹیم نے آج قدرے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے ہم میچ کا نتیجہ اپنے حق میں نہ کرسکے۔ کل سیریز کا آخری میچ کھیلا جائے گا ہماری کوشش ہوگی کہ کل کے میچ میں کامیابی حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کریں۔سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کل سہ پہر بحریہ ٹاؤن میں کھیلا جائیگا۔

تعارف: newseditor