راولپنڈی(سپورٹس رپورٹر)پاکستان ویمن بیس بال ٹیم نے ملائشیا کو 3-0سے شکست دے کر سیریز میں کلین سویپ کیا، ملائشیا ویمن بیس بال ٹیم اسلام آباد ایئرپورٹ سے وطن واپس پہنچ گئی۔ بیس بال کے فروغ کیلئے پاکستان اور ملائشیا کے درمیان تحریری معاہدہ بھی طے پاگیا جس پر دونوں فیڈریشنوں کے صدور نے دستخط کیے۔ ملائشیا بیس بال فیڈریشن کے صدر سازعلی حسین نے خاورشاہ نیشنل ویمن بیس بال اکیڈمی راولپنڈی کی ٹیم (پاکستان جونیئر ٹیم) کو ملائشیا کے دورے کی دعوت بھی دی جس پر پاکستان بیس بال فیڈریشن کے صدر سید فخر علی شاہ نے جلد ٹیم بھجوانے کی یقین دہانی کرادی۔پاکستان نے ملائیشیا ویمن بیس بال ٹیم کو اموجا بلڈرز ویمن بیس بال سیریز کے تیسرے میچ15-6 سے شکست دی۔سیریز کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی بحریہ ٹائون کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بریگیڈئیر(ر) خلیل اللہ بٹ تھے
جنہوں نے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ، ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سازعلی حسین، آرگنائزنگ سیکرٹری زاہد اعوان، معروف بزنس مین محمدتنویر، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصدق حنیف اور فیڈریشن کے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔سیریز میں فتح کے بعد پاکستان ٹیم کی کپتان زینب ریاض نے کہا کہ سیریز میں فتح حاصل ہونے پر تمام ٹیم بہت زیادہ خوش ہے۔ ملائشیا کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہر ہ کیا۔ اس سیریز سے ہمارے کھلاڑیوں کو بہت زیادہ تجربہ حاصل ہوا۔ ملائشین ٹیم کی کپتان نور عائشہ نے کہاکہ ہماری ٹیم نے سیریز میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن بدقسمتی سے ہم میچز کا نتیجہ اپنے حق میں نہ کرسکے۔ پاکستان کی ٹیم نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور ہم سیریز میں کامیابی پر انہیں مبارکبا د پیش کرتے ہیں۔ ہماری ٹیم کا دورہ پاکستان بہت بہترین رہااور ہم مستقبل میں بھی پاکستان آکر کھیلنا پسند کریں گے۔