بگ بیش لیگ ( بی بی ایل ) کے چیلنجر میچ میں برسبین ہیٹ نے سڈنی سکسرز کو اپ سیٹ شکست دینے کے بعد ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔
سڈنی میں کھیلے گئے بی بی ایل کے چیلنجر مقابلے میں برسبین ہیٹ نے سڈنی سکسرز کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر آسٹریلوی کرکٹ لیگ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
میچ میں سڈنی سکسرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے، ڈینیل ہگز 23 اور کرٹس پیٹرسن 19 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم میں نمایاں بیٹر رہے جبکہ ہیٹ کی جانب سے میتھیو کوہنیمن اور سپینسر جونسن نے تین ، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں فاتح ٹیم نے 117 رنز کا ہدف اٹھارویں اوور کی دوسری گیند پر 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، مائیکل نیسر کی 32 گیندوں پر 48 رنز کی ناقابل شکست اننگ نے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
برسبین ہیٹ کے آل راؤنڈر مائیکل نیسر کو 2 وکٹیں حاصل کرنے اور 48 رنز کی اننگ کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔لیگ کا فائنل معرکہ 4 جنوری کو آپٹس سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جس میں برسبین ہیٹ اور پرتھ سکارچرز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔