پاکستان نے ٹینٹ پیگنگ(نیزا بازی) ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرلیا۔لاہور میں ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان اور پنجاب رینجرز کے زیر اہتمام ہونے والے نیزا بازی ورلڈ کپ کوالیفائنگ رانڈ میں نیزہ بازی کے شاندار مقابلوں میں قومی کھلاڑیوں نے انفرادی اور ٹیم گیم میں گولڈ میڈل حاصل کیا۔قومی کھلاڑیوں کی جانب سے ورلڈ کپ کے دوران بہترین پرفارمنس دینے کے عزم کا اظہار
مقابلوں کے آخری روز تلوار سے مالٹا کاٹنے اور ٹارگٹ اکھاڑنے کا دلچسپ مقابلہ بھی ہوا۔انفرادی اور ٹیم مقابلوں میں پاکستانی ٹیم چھائی رہی، مجموعی طور پر پاکستان نے 527 پوائنٹس حاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ 517 پوائنٹس کے ساتھ اردن دوسرے نمبر پر رہا، کوالیفائنگ رانڈ میں اردن کی ٹیم کو بھی میگا ایونٹ کا ٹکٹ مل گیا۔
ایکوسٹرین فیڈریشن کے صدر صاحبزادہ سلطان محمد علی نے بتایا کہ ٹینٹ پیگنگ ورلڈ کپ 23 اگست سے جنوبی افریقہ میں شروع ہوگا، ایونٹ میں 9 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، ورلڈ کپ کے دوران قومی ٹیم کا مقابلہ مضبوط ٹیموں کے ساتھ ہوگا۔