پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد اور لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کی بولنگ میں نقص تلاش کرلیے۔ایک نجی چینل پر پی ایس ایل میں لاہور قلندرز اور کراچی کنگز کے میچ پر گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین کھیلتے رہیں گے تو بہتر سے بہتر ہوتے رہیں گے۔شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین اسٹمپ سے بہت دور سے بولنگ کرا رہا ہے، دور کا مطلب ہے اس اینگل سے اِن سوئنگ کرنا بڑی بات ہوتی ہے جو اتنے آرام سے نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ میرے خیال سے شاہین کریز کا استعمال تھوڑا بہتر کرے جو وہ اس وقت نہیں کر رہا۔سابق کپتان نے کہا کہ شاہین نے آخری اووز میں یارکرز کرانے کے لیے بہت زیادہ زور لگانے کی کوشش کی۔شاہد آفریدی نے گفتگو کے دوران اپنے داماد کو مشورہ بھی دیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ شاہین اپنی پرانی ویڈیوز دیکھے جب وہ بہتر کر رہا تھا تو کیوں کر رہا تھا۔انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ شاہین فٹ ہے۔یاد رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے میچ میں شاہین شاہ آفریدی نے کراچی کنگز کے خلاف 4 اوورز میں 39 رنز دیے تھے اور اس میچ میں ان کی ٹیم کو شکست ہوئی تھی۔