فیفا ورلڈ کپ 2022 کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے کپتان اور دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی نے 2022 کا فیفا پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیت لیا،35 سالہ سٹار نے فرانسیسی فارورڈز ایمباپے اور کریم بینزیما کو ہرا کر یہ اعزاز دوسری بار حاصل کیا ہے۔فرانس کے دارالحکومت پیرس میں منعقدہ فیفا ایوارڈ کی تقریب میں سال 2022 کے بہترین کھلاڑیوں کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
مینز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں فرانسیسی سٹار امباپے ، کریم بینزیما اور لیونل میسی کے مابین سخت مقابلہ تھا، تاہم میسی نے اپنے حریفوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سال کے بہترین فٹبال پلیئر کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔ایوارڈ حاصل کرنے پر میسی کا کہنا تھا کہ میں نے اپنا خواب پورا کرلیا ہے، جس کی میں اتنے عرصے سے امید کر رہا تھا، بہت کم لوگ اسے حاصل کر پاتے ہیں اور میں خوش قسمت ہوں، یہ حیرت انگیز ہے، ساتھی کھلاڑیوں کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔
خیال رہے کہ میسی کی کپتانی میں ارجنٹائن نے گزشتہ سال فیفا ورلڈکپ جیتا جبکہ سٹار فٹبالر نے اپنے ملک اور مختلف کلبز کی نمائندگی کرتے ہوئے سال 22-2021 میں 49 مقابلوں میں 27 گولز کیے۔دوسری جانب ویمنز فٹبالر آف دی ایئر کی کیٹیگری میں بارسلونا کی الیکسیا پوٹیلس کو سال کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔تقریب میں ارجنٹائن کو تیسرا ورلڈ کپ ٹائٹل جتوانے والے لیونل اسکالونی کو مینز کوچ آف دی ایئر قرار دیا گیا۔