قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہےکہ بحیثیت ٹیم آسٹریلیا
کیخلاف کچھ مختلف کرنے کی کوشش کرینگے۔
پرتھ ٹیسٹ سے قبل ٹرافی کی رونمائی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا کہ دورہ آسٹریلیا کے دوران ٹیم میں جیت حاصل کرنے کا جذبہ ہے، بیٹنگ اور بولنگ میں اس سے بہتر کمبی نیشن نہیں ہوسکتا۔
ٹیسٹ میچ جیتنے کیلئے 5 دن اچھی کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہوتی ہے، کوشش ہوگی کہ بیٹنگ بولنگ اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی دکھائیں۔
ٹیسٹ کپتان نے مزید کہا کہ سرفراز احمد اور محمد رضوان دونوں ہی ٹاپ وکٹ کیپر ہیں،پلئینگ الیون میں انتخاب خاصا مشکل فیصلہ تھا۔
قبل ازیں آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے پاکستان کی جانب سے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا گیا، دو قومی کرکٹر پرتھ ٹیسٹ میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔
قومی ٹیم نے ‘بینوڈ قادر سیریز’ کیلئے 11 کھلاڑیوں کا اعلان کردیا، شان مسعود کپتان اور سرفراز احمد بطور وکٹ کیپر کھیلیں گے۔ قومی ٹیم کی طرف سے فاسٹ باولر عامر جمال اور خرم شہزاد ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون میں امام الحق، عبداللہ شفیق، بابراعظم اور سعود شکیل شامل ہیں۔ سلمان آغا، فہیم اشرف، شاہین آفریدی کو بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
اس سے قبل آسٹریلوی ٹیم نے بھی اپنی پلیئنگ الیون کا اعلان کیا تھا۔ کینگروز کی ٹیم میں کپتان پیٹ کمنز، نیتھن لائن، جوش ہیزل ووڈ، ڈیوڈ وارنر، عثمان خواجہ، مارنوس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، مچل مارش، ٹریوس ہیڈ، الیکس کیری اور مچل اسٹارک شامل ہیں۔