پاکستان ٹینس فیڈریشن نے بھارت کیخلاف ڈیوس کپ کیلئے پاکستان ٹینس ٹیم کا اعلان کر دیا۔
پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر سلیم سیف اللہ نے پریس کانفرنس کرتے بتایا کہ بھارت کیخلاف ڈیوس کپ کیلئے پاکستان ٹینس ٹیم میں اعصام الحق، عقیل خان، محمد عابد، محمد شعیب اور برکت اللہ شامل ہیں، پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی 3 اور 4 فروری کو اسلام آباد میں ہوگی۔
سلیم سیف اللہ نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے ہمارا موقف تسلیم کیا، آئی ٹی ایف کے سامنے بھارت کو ذلت کا سامنا کرنا پڑا، فیڈریشن کی کوششوں کی وجہ سے پاکستان نے ڈیوس کپ کی میزبانی حاصل کی، حیرانی ہےکہ بھارتی حکومت ٹینس میں بھی سیاست کر رہی ہے۔
صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے مزید کہا کہ ایشین ٹینس فیڈریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پاکستان کی شمولیت بڑا اقدام ہے، بھارتی امیدوار کو میرے مقابلے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، سیاست اپنی جگہ لیکن کھیلوں میں ایسا نہیں ہونا چاہیے، پاکستان اور بھارت کے درمیان سپورٹس ڈپلومیسی دوبارہ شروع ہونی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ انڈین ٹینس ایسوسی ایشن نے اپنے ممبران کی فہرست بھجوائی ہے ، بھارتی ٹیم کے ویزوں کے بارے میں بھی کوئی ایشو نہیں ہوگا،حکومت وقت کو بھی پاکستان ٹینس فیڈریشن کی کوششوں کو سراہنا چاہیے، امیدہے پاک بھارت ڈیوس کپ ٹائی کیلئے حکومت فنڈز جاری کرے گی۔