ایس اے ایف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ ؛ ملتان،کوئٹہ کی دوسری کامیابی

ایس اے ایف نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ:ملتان،کوئٹہ کی دوسری کامیابی

کراچی اور حیدرآباد دوسرے میچ میں بھی ناکام،حفیظ اللہ کی ففٹی،زبیر سلیم دوسری بارمرد میداں قرار پائے

کراچی (اسپورٹس رپورٹر)

ملتان اور کوئٹہ کی فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ٹیموں نے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نیشنل فزیکل ڈس ایبلٹی ٹی20 کرکٹ چیمپئن شپ کے دوسرے روزبھی اپنے میچز جیت لئے،دونوں ٹیمیں آج مد مقابل ہونگی جس کے بعد کراچی ریجن کی فاتح اور فائنل کے لئے کوالیفائی کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہوگا۔

شاہد آفریدی فاؤنڈیشن اورپاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کے اشتراک سے راشد لطیف اکیڈمی کرکٹ گراؤنڈپر جاری چیمپئن شپ کے دوسرے روزبھی حیدرآباد اور کراچی کی ٹیموں کو شکست ہو گئی۔

منگل کو پہلے میچ میں کوئٹہ نے حیدرآباد کو 9وکٹوں سے شکست دی۔حیدرآباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نو وکٹوں پر 112رنز اسکور کئے۔

وسیم احمد نے 32گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 32اورحمزہ حمید نے پانچ چوکوں کی مدد سے 27رنز اسکور کئے۔کوئٹہ کی جانب سے مٹھل خان،علی گجزئی اور ایاز حمد نے دو دو جبکہ نظام الدین اور محمد ابراہیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جواب میں کوئٹہ نے ایک وکٹ کے نقصان پر113رنز بناکر نو وکٹوں سے فتح سمیٹی،حفیظ اللہ 37گیندوں پر چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 53رنز بناکر ناقابل شکست رہے

جبکہ نصرت اللہ نے چھ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 37رنز بنائے،اس میچ کے مہمان خصوصی پی پی ڈی سی اے کے قائمقام چیئر مین عمران بلوانی تھے جنہوں نے حفیظ اللہ کو پلیئر آف دی میچ ایوارڈ دیا،

اس موقع پرسیکریٹری پی پی ڈی سی اے ریجنل ہیڈبلوچستان اسلم بریچ، وصال انصاری،عاصم رضوی اور دیگر بھی موجود تھے۔دوسرے میچ میں ملتان نے کراچی کو پانچ وکٹوں سے زیر کیا،

کراچی نے پہلے کھیلتے ہوئے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 112رنز اسکور کئے،عمر فاروق نے 34گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 42،وحید خان نے 22اور راؤ جاوید نے 15رنز بنائے۔

ملتان کی جانب سے زبیر سلیم نے 14رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ ملک جہانزیب،محمد طارق اور عمیز رحمان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔جواب میں ملتان نے 13.2اوورز میں پانچ وکٹوں پر 113رنز بناکر پانچ وکٹ سے کامیابی حاصل کی۔

مطلوب قریشی 31گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 39رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے جبکہ محمد زمان علی نے 27اورعبدالمنان نے 17رنز بنائے۔کراچی کی جانب سے کامران خان نے دو جبکہ راؤ جاوید اور انس الطاف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

عاصم رضوی اسسٹنٹ کوچ کراچی ریجن دوسرے میچ کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ملتان کے زبیر سلیم کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا زبیر سلیم کا یہ مسلسل دوسرامین آف دی میچ ایوارڈ تھا۔

ٹورنامنٹ ڈائرکٹر اور سیکریٹری جنرل پاکستان فزیکل ڈس ایبلٹی کرکٹ ایسوسی ایشن امیر الدین انصاری،ہیڈ ملتان بہاولپور ریجن جمیل کامران،حارث ایاز،منظور لطیفی،میڈیا منیجر محمد نظام اور دیگر بھی موجود تھے۔

چیمپئن شپ کے تیسرے روز آج مزید دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ملتان کا مقابلہ کوئٹہ سے اور دوسرے میچ میں حیدرآباد کا مقابلہ کراچی سے ہوگا۔

تعارف: News Editor