پاکستان چیمپئنز لیگ 2024 ؛ لاہور سکندرز اور کوئٹہ اسٹرائیکرز کافاتحانہ آغاز


پاکستان چیمپئنز لیگ 2024 :لاہور سکندرز اور کوئٹہ اسٹرائیکرز کافاتحانہ آغاز

فیصل آباد: 13مئی 2024

محمد احسن کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت لاہور سکندرز نے کراچی آرچرز کو35 رنز سے ہرا کر پاکستان چیمپئنز لیگ2024 میں فاتحانہ آغاز کردیا جبکہ کوئٹہ اسٹرائیکرز نے ملتان کنگزکیخلاف 6وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔

اقبال کرکٹ اسٹیڈیم، فیصل آباد میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں پاکستان وہیل چیئر چیمپئنز لیگ 2024 کے افتتاحی میچ میں کراچی آرچرز نے ٹاس جیت کر دفاعی چیمپئن لاہور کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

لاہور نے محمد احسن کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 242 رنز بنائے۔ محمد احسن نے 57 گیندوں کی مدد سے ناقابل شکست 134 رنز کی اننگز کھیلی۔

محمد فیض 36 اور سلیم شاہ نے 35 رنز بنائے جبکہ قربان نے دو اور محمد نواز نے ایک وکٹ لی۔ 243رنز کے تعاقب میں کراچی آرچرز 207 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ عمر گل کے 142 رنز بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔ محمد احسن اور محمد فیض نے تین۔تین کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔

دوسرے میچ میں ملتان کنگز اور کوئٹہ اسٹرائیکرز آمنے سامنے ہوئے ۔ ملتان کنگز نے پہلے کھیلتے ہوئے 8وکٹوں کے نقصان پر 161رنز بنائے۔ محمد شاہد 57 اور عدنان 30رنز بناکر نمایاں رہے جبکہ خالد شاہ نے تین وکٹیں لیں۔

فاتح کوئٹہ اسٹرائیکرز نے مطلوبہ ہدف 4وکٹوں میں پورا کرکے ایونٹ میں پہلی کامیابی حاصل کرلی۔ خالد شاہ 63 اور محمد شاہد 49رنز بناکر نمایاں رہے۔

جبکہ احمد یار نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ منگل کو پشاور لائنز اور لاہور سکندرز جبکہ اسلام آباد اسٹائلینز اور ملتان کنگز مدمقابل ہونگے۔

تعارف: News Editor