دوسرے ٹیسٹ میچ کے لئے قومی ٹیسٹ ٹیم کے 12 رکنی اسکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
صائم ایوب اور عبداللہ شفیق بنگلا دیش کے خلاف اننگز کا آغاز کریں گے، مڈل آرڈر بیٹرز میں بابر اعظم، سلمان علی آغا، اور محمد رضوان شامل ہیں۔
قومی ٹیم ایک مرتبہ پھر چار فاسٹ بولرز کے ساتھ میدان میں اترے گی جن میں نسیم شاہ، محمد علی، خرم شہزاد اور آل راؤنڈر میر حمزہ شامل ہیں۔ ابرار احمد اپنی گھومتی گیندوں سے حریف بیٹرز کی وکٹیں اڑانے کے لیے پرعزم ہیں۔
قومی ٹیم کا 12 رکنی اسکواڈ ;
دوسرے ٹیسٹ میچ کیلئے قومی ٹیم میں شان مسعود، سعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی، سلمان آغا اور صائم ایوب کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ بابر اعظم، میر حمزہ، محمد رضوان، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ اور خرم شہزاد بھی دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم کا حصہ ہیں۔
فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی کو دوسرے ٹیسٹ میچ سے ڈراپ کردیا گیا ہے جبکہ میر حمزہ اور ابرار احمد کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے راولپنڈی میں ہی کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں بنگلا دیش کو 1-0 کی برتری حاصل ہے، پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔