کرکٹ

بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے دی

بنگلہ دیش نے پہلے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 7وکٹوں سے شکست دے دی

ڈھاکا: پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی 20 میچ شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلا گیا، جہاں پاکستانی بلے باز بنگلہ دیشی ٹائیگرز کا شکار بن کر 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئے۔

بنگلا دیش نے 111 رنز کا آسان ہدف 16ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ہے، پرویز حسین 56 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جب کہ توحید ہردوئی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے ٹی 20 ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا 2 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے جب کہ عباس آفریدی کےحصے میں ایک وکٹ آئی۔

قبل ازیں، بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی جو پاکستانی بلے بازوں کے لیے امتحان بن گئی تھی، اننگز کے آغاز کے ساتھ ہی قومی بیٹرز بنگلہ دیشی باؤلرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوتے رہے۔

پاکستان کی آدھی ٹیم صرف 46 کے مجموعے پر پویلین لوٹ چکی تھی، اوپنر صائم ایوب 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی، محمد حارث 4، کپتان سلمان آغا 3 رنز ، حسن نواز صفر اور محمد نواز 3 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔

تاہم فخر زمان نے حریف ٹیم کے بولرز کا جم کر سامنا کیا اور 34 گیندوں پر 44 رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔ ساتویں نمبر پر بلے بازی کے لیے آنے والے خوشدل شاہ نے 17 رنز بناکر مجموعے کو آگے بڑھانے میں مدد فراہم کی، جب کہ عباس آفریدی 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ڈیبیو کرنے والے سلمان مرزا کھاتہ بھی کھول نہ سکے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے تسکین احمد نے 3، مستفیظ الرحمٰن نے 2 ، مہدی حسن اور تنظیم حسن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یاد رھے کہ گرین شرٹس نے دو ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام درج کرا لیے ;

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان اب تک کھیلے گئے 23 میچز میں یہ پہلا موقع تھا کہ قومی ٹیم مکمل 20 اوورز نہ کھیل سکی اور بنگلہ بولرز نے انہیں 19.3 اوورز میں ہی چلتا کیا۔

اس کے ساتھ ہی پاکستان ٹیم جب 110 رنز پر پویلین لوٹی تو یہ اس کا بنگلہ دیش کے خلاف کم ترین سکور تھا۔ تاہم پاکستان کا بنگلہ دیش کے خلاف باہمی مقابلوں میں پلڑا اب بھی بھاری ہے۔

پاکستان کی پلیئنگ الیون ; اس میچ میں فخر زمان، صائم ایوب، محمد حارث، حسن نواز، سلمان آغا (کپتان)، محمد نواز، خوشدل شاہ، فہیم اشرف، عباس آفریدی، سلمان مرزا اور ابرار احمد کی پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

بنگلا دیش کی پلیئنگ الیون ; اس میچ میں پرویز حسین ایمان، تنزید حسن، لٹن داس (کپتان)، توحید ہردوئے، شميم حسین، جاکر علی، ماحدی حسن، رشاد حسین، تنظیم حسن ثاقب، تسکین احمد اور مستفیض الرحمان بنگلہ دیش کی پلیئنگ الیون میں شامل تھے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!