دانش الہٰی نے بوسٹن میراتھن میں گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا

بوسٹن میراتھن مکمل کر کے پاکستانی ایتھلیٹ دانش الہٰی کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم
بوسٹن: پاکستانی ایتھلیٹ دانش الہٰی نے دنیا کے سب سے معتبر میراتھن مقابلوں میں شمار ہونے والی بوسٹن میراتھن میں روایتی شلوار قمیض پہن کر حصہ لیتے ہوئے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
دانش الہٰی نے 3 گھنٹے 26 منٹ کے وقت کے ساتھ ریس مکمل کی، جو کہ قومی لباس میں دوڑے جانے والا سب سے تیز ترین وقت ہے۔ یہ نہ صرف پاکستانی ثقافت کی نمائندگی ہے بلکہ عالمی سطح پر قومی شناخت کے ساتھ بہترین کارکردگی دکھانے کی ایک مثال بھی ہے۔
سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی نے دانش الہٰی کی اس شاندار کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ دانش الہٰی نے دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستانی نوجوان نہ صرف باصلاحیت ہیں بلکہ اپنی تہذیب و ثقافت کو بھی عالمی سطح پر فخر سے پیش کرتے ہیں۔
دانش الہٰی نے اس موقع پر پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے اپنی کمٹمنٹ کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوانوں کو کھیلوں کی طرف راغب کرنے اور صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
انہوں نے خاص طور پر اسلام آباد کالج فار گرلز میں نو تعمیر شدہ پیڈل ٹینس کورٹس کے لیے اپنی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے نہ صرف کھیل کے میدان کو مضبوط بناتے ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے مثبت مواقع فراہم کرتے ہیں۔
دانش الہٰی کی یہ کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک محرک ہے کہ وہ اپنی روایات کے ساتھ جڑے رہتے ہوئے بھی عالمی سطح پر نمایاں کامیابیاں حاصل کر سکتے ہیں ان کا کارنامہ نہ صرف کھیلوں کی دنیا میں بلکہ ثقافتی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کر رہا ہے۔



