بھارت کا ایشیاکپ 2025 کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان

بھارت کا ایشیاکپ 2025 کیلئے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ کے لیے 15 رکنی ٹیم کا باضابطہ اعلان کردیا۔
بی سی سی آئی کے مطابق سوریا کمار یادیو کو کپتان اور شبمن گل کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں ابھیشک شرما، ہاردک پانڈیا، اکشر پٹیل، جیتیش شرما اور تجربہ کار فاسٹ بولر جسپریت بمرا شامل ہیں۔
اسکواڈ میں ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی، شیووم دوبے، کلدیپ یادیو، تلک ورما، وکٹ کیپر بلے باز سنجو سیمسن، ہرشت رانا اور رنکو سنگھ کو بھی جگہ دی گئی ہے۔
ایشیا کپ 9 ستمبر سے شروع ہوگا، جس کی میزبانی دبئی اور شارجہ کے میدان کریں گے۔ ایونٹ کے دوران سب سے زیادہ توجہ 14 ستمبر کو ہونے والے پاکستان اور بھارت کے گروپ میچ پر مرکوز ہے۔
دونوں ٹیموں کا ٹکراؤ ہمیشہ کرکٹ شائقین کے لیے غیر معمولی کشش رکھتا ہے، اور اگر دونوں جانب سے کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھا گیا تو سپر فور مرحلے میں 21 ستمبر کو ایک بار پھر روایتی حریف آمنے سامنے آ سکتے ہیں۔
ٹورنامنٹ کے گروپ اے میں پاکستان، بھارت، یو اے ای اور عمان شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان اور ہانگ کانگ مدِ مقابل ہوں گے۔ ایونٹ کا فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔



