آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی

آئی سی سی نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی پلیئرز کی تازہ ترین رینکنگ جاری کر دی ہے، جس میں بیٹنگ، بولنگ اور آل راؤنڈرز کی پوزیشنز میں کئی اہم تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔
ون ڈے فارمیٹ میں بھارت کے شبمن گل بدستور پہلے نمبر پر براجمان ہیں جبکہ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے جو روٹ اور جوز بٹلر نے نمایاں بہتری دکھائی ہے،
جو بالترتیب 19 ویں اور 35 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ بولنگ میں جنوبی افریقا کے کیشو مہراج نے پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے، جب کہ انگلینڈ کے جوفرا آرچر 16 درجے ترقی کے بعد تیسرے اور عادل رشید سات درجے بہتری کے بعد آٹھویں نمبر پر آگئے ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کے شاہین آفریدی دو درجے تنزلی کے بعد 16 ویں نمبر پر چلے گئے اور یوں کوئی بھی پاکستانی بولر ٹاپ 10 میں شامل نہیں۔ آل راؤنڈرز میں زمبابوے کے سکندر رضا بدستور پہلے نمبر پر موجود ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں بھی دلچسپ صورتحال دیکھنے کو ملی۔ بھارت کے ابھیشیک شرما نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی، جبکہ سری لنکا کے کوشال پریرا نویں اور یواے ای کے کپتان محمد وسیم 22 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
پاکستان کے کھلاڑیوں کی پوزیشنز میں کمی دیکھنے کو ملی، بابر اعظم 24 ویں، محمد رضوان 28 ویں اور حسن نواز 35 ویں نمبر پر آگئے۔ البتہ کپتان سلمان علی آغا نے دو درجے بہتری کے بعد 57 ویں پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
ٹی ٹوئنٹی بولنگ میں نیوزی لینڈ کے جیکب ڈفی بدستور پہلے نمبر پر ہیں۔ افغانستان کے راشد خان ایک درجہ گر کر نویں نمبر پر چلے گئے ہیں،
جبکہ پاکستان کے سفیان مقیم نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سات درجے ترقی کے بعد 15 ویں پوزیشن حاصل کر لی۔ شاہین آفریدی بھی چار درجے بہتری کے بعد 22 ویں اور ابرار احمد 39 درجے چھلانگ لگا کر 28 ویں نمبر پر پہنچ گئے۔
آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں بھارت کے ہاردک پانڈیا نے پہلا نمبر برقرار رکھا ہے، تاہم پاکستان کے صائم ایوب نے اپنی کارکردگی کے ذریعے ٹاپ 10 میں جگہ بنا لی ہے اور وہ پانچ درجے بہتری کے بعد دسویں پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔



