کرکٹ

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ: تاریخ میں پہلی بار صرف خواتین پر مشتمل امپائرز پینل کا اعلان

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ: تاریخ میں پہلی بار صرف خواتین پر مشتمل امپائرز پینل کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے جمعرات کو اعلان کیا کہ آنے والا ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ تاریخ میں پہلی بار صرف خواتین پر مشتمل امپائرز اور میچ ریفریز کے پینل کے تحت کھیلا جائے گا۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اگرچہ حالیہ 3 ایونٹس(2022 کامن ویلتھ گیمز برمنگھم اور 2 آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ)مکمل طور پر خواتین پر مشتمل میچ آفیشلز کے پینل کے ساتھ کھیلے گئے تھے، تاہم ویمنز ون ڈے ورلڈ کپ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے۔

ویمنز ورلڈ کپ کا 13واں ایڈیشن 30 ستمبر سے بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ٹورنامنٹ 14 امپائرز کے ایک گروپ کی نگرانی میں ہوگا جن میں کلئیر پولو سیک، جیکلین ولیمز، سو ریڈفرن، لارین ایجنباگ اور کم کاٹن شامل ہیں۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق پولو سیک، ولیمز اور ریڈفرن ’رواں سال اپنے تیسرے ویمنز ورلڈ کپ‘ میں حصہ لیں گی جب کہ لارین ایجنباگ اور کم کاٹن دوسرے ورلڈ کپ میں فرائض انجام دیں گی۔

ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر خواتین پر مشتمل میچ آفیشلز کے پینل میں 4 میچ ریفریز بھی شامل ہیں، جن کے نام ٹروڈی اینڈرسن، شاندری فرٹز، جی ایس لکشمی اور مشیل پریرا ہیں۔

آئی سی سی کے بیان میں مزید کہا گیا کہ چیئرمین جے شاہ نے صرف خواتین پر مشتمل امپائرز پینل کو ویمنز کرکٹ کے لیے ایک تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ مستقبل میں خواتین کے لیے دنیا بھر میں مزید کامیابیوں کی راہ ہموار کرے گا۔

چیئرمین آئی سی سی کا کہنا تھا کہ میچ آفیشلز کے آل ویمن پینل کا شامل ہونا نہ صرف ایک بڑا سنگ میل ہے بلکہ یہ آئی سی سی کے کرکٹ میں صنفی مساوات کے فروغ کے غیر متزلزل عزم کا ایک طاقتور اظہار بھی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پیش رفت محض علامتی نہیں. بلکہ نظر آنے والی تبدیلی، موقع پیدا کرنے اور ایسے بامعنی رول ماڈلز تشکیل دینے کے بارے میں ہے جو آنے والی نسلوں کو متاثر کر سکیں۔

جے شاہ کا کہنا تھا کہ ہم خواتین کرکٹ کی ترقی کے ایک نئے باب کو تسلیم کرنے پر فخر محسوس کرتے ہیں، ہمارا یقین ہے کہ اس اقدام کا اثر اس ٹورنامنٹ سے کہیں آگے جائے گا، مزید خواتین کو امپائرنگ کے شعبے میں آنے کی ترغیب دے گا۔

واضح رہے کہ ویمنز ون ڈے ورلڈکپ کا 13واں ایڈیشن 30 ستمبر سے شروع ہوگا، پاکستان ہائبرڈ ماڈل کے تحت اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے گا۔

آئی سی سی نے پیر کے روز بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہونے والے ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے ایک کروڑ 38 لاکھ 80 ہزار ڈالر کی ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کیا تھا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!