
صائم ایوب ایک بار پھر صفر پر آؤٹ، بابراعظم کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
پاکستان ٹیم کے اوپنر بلے باز صائم ایوب نے ٹی 20 انٹرنیشنل میں صفر پر آؤٹ ہونے کا منفی ریکارڈ اپنے نام کرلیا، اس سے قبل یہ ریکارڈ بابر اعظم بھی اپنے نام کرچکے ہیں۔
اتوار کے روز ایشیا کپ کے سلسلے میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی اوپنر صائم ایوب پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
ہردیک پانڈیا کی لینتھ ڈلیوری کو پاکستانی اوپنر صائم نے سیدھا پوائنٹ پر موجود جسپریت بمراہ کے ہاتھوں میں اچھال دیا، وہ ٹی 20 انٹرنیشنل میں ساتویں بار صفر پر آؤٹ ہوگئے۔
صائم ایوب ساتویں بار ٹی ٹوئنٹی میں سب سے زیادہ صفر کی خفت سے دوچار ہونے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود سابق کپتان بابراعظم کے برابر آگئے، جہاں ان کے ہمراہ محمد حفیظ اور کامران اکمل بھی موجود ہیں۔
واضح رہے کہ مختصر فارمیٹ میں سب سے زیادہ صفر پر اؤٹ ہونے کا منفی ریکارڈ عمر اکمل کے نام ہے جوکہ 84 میچز میں 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہوچکے ہیں جبکہ شاہد آفریدی اس فہرست میں 8 صفر کے ساتھ دوسرے نمبر پر کھڑے ہیں۔
صائم ایوب صرف 43 میچز میں 7 بار صفر پر آؤٹ ہوئے، کامران اکمل 58 میچز، حفیظ 119 اور بابراعظم 128 میچز میں 7 بار صفر پر پویلین لوٹے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ کے بڑے میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کو شکست ہوئی تھی، قومی ٹیم کے اوپنرز کی غیر ذمہ دارانہ بلے بازی کے سبب کرکٹ شائقین شدید مایوسی کا شکار ہوئے۔



