ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان دوسری پوزیشن پر جا پہنچا

پاکستان کی جنوبی افریقا کیخلاف تاریخی کامیابی:ٹیسٹ چیمپئن شپ میں دوسری پوزیشن پر جا پہنچا
پاکستانی شائقین کرکٹ کے لیے رواں ہفتہ خوش خبری لے کر آیا ہے۔ گرین کیپس نے ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025-27 کے اپنے ابتدائی میچ میں دفاعی چیمپئن جنوبی افریقا کو شکست دے کر نہ صرف 12 قیمتی پوائنٹس حاصل کیے بلکہ دوسرے نمبر پر پہنچ کر دنیا کو حیران کر دیا۔
اس شاندار کامیابی کے ساتھ قومی ٹیم کا جیت کا تناسب سو فیصد ہے، جو اس کے نئے عزم اور مضبوط ٹیم ورک کا ثبوت ہے۔ اس وقت چیمپئن شپ میں آسٹریلیا 36 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔
کینگروز نے اب تک اپنے تینوں میچز میں کامیابی حاصل کی ہے اور ان کا جیت کا تناسب بھی سو فیصد ہے، تاہم پاکستان نے ایک ہی میچ میں مؤثر آغاز کر کے آسٹریلیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ اس بار مضبوط حریف بننے جا رہا ہے۔
سری لنکا کی ٹیم 16 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جب کہ بھارت 52 پوائنٹس کے باوجود صرف 61.90 فیصد جیت کے تناسب کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
زیادہ میچز کھیلنے کی وجہ سے بھارت کے پوائنٹس تو سب سے زیادہ ہیں مگر کارکردگی کے اعتبار سے وہ پیچھے ہے۔ انگلینڈ 5 میں سے 2 میچز جیت کر پانچویں پوزیشن پر ہے، تاہم سلو اوور ریٹ کے باعث اس کے 2 پوائنٹس کم کر دیے گئے۔
بنگلا دیش اور جنوبی افریقا بالترتیب چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں، جب کہ ویسٹ انڈیز مسلسل 5 شکستوں کے بعد آخری پوزیشن پر ہے۔
نیوزی لینڈ نے ابھی اپنی مہم کا آغاز نہیں کیا، مگر کرکٹ ماہرین کے مطابق آنے والے مہینوں میں عالمی رینکنگ میں مزید بڑی تبدیلیاں متوقع ہیں۔
پاکستان کی یہ کامیابی کھلاڑیوں کے لیے نہ صرف حوصلہ افزا ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستانی کرکٹ کے نئے دور کی نوید بھی ہے۔ اگر قومی ٹیم اسی جذبے کے ساتھ کھیلتی رہی تو ٹیسٹ چیمپئن شپ میں آسٹریلیا کو ٹکر دینے کا خواب اب حقیقت بنتا دکھائی دیتا ہے۔



