کرکٹ

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 20 ٹیموں کی لائن اپ مکمل

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے 20 ٹیموں کا اعلان

آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ٹیموں کی لائن اپ فائنل کر دی گئی ہے، جو بھارت اور سری لنکا کی میزبانی میں اگلے سال کے اوائل میں منعقد ہوگا۔

ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں سے آخری 3 ٹیموں نیپال، عمان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے حال ہی میں ایشیا/ایسٹ ایشیا پیسفک کوالیفائر کے ذریعے اپنی جگہ پکی کی۔

نیپال نے عمان کو 38 رنز سے شکست دے کر کوالیفائر جیتا۔ یہ نیپال کی ٹی20 ورلڈ کپ میں دوسری لگاتار اور مجموعی طور پر تیسری شرکت ہوگی، جبکہ عمان چوتھی بار اور یو اے ای تیسری بار عالمی مقابلے میں حصہ لے گا۔

یورپ سے اٹلی پہلی بار ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا، جس نے نیدر لینڈز کے ساتھ یورپی کوالیفائر کے ذریعے کوالیفائی کیا۔ افریقہ ریجن سے نمیبیا اور زمبابوے، جبکہ امریکا ریجن سے کینیڈا نے ورلڈ کپ کے لیے اپنی جگہ بنائی ہے۔

بھارت بطور دفاعی چیمپیئن میدان میں اترے گا، جس نے 2024 کے فائنل میں جنوبی افریقہ کو 7 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل جیتا تھا۔ بھارت، انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز 3 ایسی ٹیمیں ہیں جنہوں نے ایک سے زیادہ بار ٹی20 ورلڈ کپ جیتا ہے۔

ٹورنامنٹ 2024 کے ایڈیشن کی طرح ہی فارمیٹ کے تحت کھیلا جائے گا، جس میں 20 ٹیمیں 4 گروپوں میں تقسیم ہوں گی۔ ہر گروپ کی 2 بہترین ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں جائیں گی، جہاں سے 4 ٹیمیں سیمی فائنلز کے لیے کوالیفائی کریں گی۔

ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں شرکت کرنے والی ٹیموں میں بھارت اور سری لنکا میزبان ممالک کے طور پر شامل ہیں۔ افغانستان، آسٹریلیا، بنگلادیش، انگلینڈ، جنوبی افریقہ، امریکا اور ویسٹ انڈیز نے 2024 کے ورلڈ کپ میں ٹاپ 7 فِنِش حاصل کرکے کوالیفائی کیا۔

پاکستان، نیوزی لینڈ اور آئرلینڈ نے اپنی جگہ آئی سی سی ٹی20 ٹیم رینکنگ کے ذریعے بنائی۔ دیگر ٹیموں میں کینیڈا (امریکا کوالیفائر)، اٹلی اور نیدرلینڈز (یورپ کوالیفائر)، نمیبیا اور زمبابوے (افریقہ کوالیفائر)، جبکہ نیپال، عمان اور یو اے ای (ایشیا/ای اے پی کوالیفائر) شامل ہیں۔

یہ 20 ٹیمیں کرکٹ کے سب سے بڑے ٹی20 میلے میں ایک بار پھر شائقین کو زبردست مقابلے پیش کریں گی، جس کا آغاز 2026 کے آغاز میں بھارت اور سری لنکا کے میدانوں میں ہوگا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!