ہاکی

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا موجودہ سیٹ اپ آئینی اور منظور شدہ قرار

پاکستان ہاکی فیڈریشن کا موجودہ سیٹ اپ آئینی اور منظور شدہ قرار

ملتان ( اظہار عباسی سے) وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (IPC) میں آج پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کے امور سے متعلق ایک اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB)، سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF)،صد ر کے پی ھاکی ایسوسی ایشن اور IPC کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کی آئینی حیثیت، انتخابی امور اور تنظیمی معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ تمام اراکین نے باہمی اتفاقِ رائے سے درج ذیل اہم فیصلے کیے:

موجودہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) کا سیٹ اپ قانونی، آئینی اور باقاعدہ طور پر منظور شدہ قرار دیا گیا۔
اجلاس میں واضح طور پر تسلیم کیا گیا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) ایک خودمختار اور آئینی ادارہ (Autonomous Body) ہے جو اپنے آئین اور قواعد و ضوابط کے مطابق کام کرتی ہے۔

فیصلہ کیا گیا کہ نئے انتخابات پاکستان ہاکی فیڈریشن کے آئین کے مطابق منعقد کیے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن کی تشکیل ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن کی باہمی رضامندی (mutual consent) سے کی جائے گی، جس میں شامل ہوں گے:

ایک نمائندہ پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ایک نمائندہ پاکستان ہاکی فیڈریشن سے ایک نمائندہ صوبائی ایسوسی ایشن سے ہو گا

ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ اور سیکرٹری پاکستان ہاکی فیڈریشن الیکشن کمیشن کی حتمی منظوری دیں گے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نئے انتخابات سے قبل اپنی کانگریس سے باضابطہ اجازت حاصل کرے گی۔

اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ پی ایچ ایف انتظامیہ آئندہ انتخابات تک اپنی ذمہ داریاں جاری رکھے گی تاکہ ہاکی کے انتظامی امور میں تسلسل برقرار رہے۔

اجلاس کا ماحول مثبت اور تعمیری رہا، اور تمام اراکین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان ہاکی کی بحالی، ترقی اور استحکام کے لیے باہمی تعاون سے شفاف اور آئینی راستہ اختیار کیا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!