ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہیڈ کوچ محمد وسیم کو ہٹانے کا فیصلہ

ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی، ہیڈ کوچ محمد وسیم کو ہٹانے کا فیصلہ
لاہور: پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی مسلسل ناقص کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ہیڈ کوچ محمد وسیم کو نیا کنٹریکٹ نہ دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد وسیم کی جگہ نیا ہیڈ کوچ آئندہ ہفتے تعینات کیے جانے کا امکان ہے، محمد وسیم کو 2024 میں ویمن ٹیم کی کوچنگ سونپی گئی تھی، ان کے دور میں ٹیم کی کارکردگی میں کوئی نمایاں بہتری نہیں آ سکی۔
بورڈ کی مکمل سپورٹ کے باوجود ویمن ٹیم اہم بین الاقوامی ٹورنامنٹس میں خاطر خواہ نتائج دینے میں ناکام رہی، ویمن ورلڈ کپ میں ٹیم ایک بھی میچ نہ جیت سکی، جب کہ متعدد کھلاڑیوں نے شکایت کی کہ کوچ کھلاڑیوں کی تربیت اور منصوبہ بندی پر بھرپور توجہ نہیں دیتے تھے۔
بیٹنگ کے ماہر ہونے کے باوجود ٹیم کی بیٹنگ لائن سب سے کمزور پہلو ثابت ہوئی جب کہ بولنگ اور بیٹنگ کوچز کے ساتھ محمد وسیم کے تعلقات بھی خوشگوار نہیں رہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ محمد وسیم ٹیم کی سلیکشن اور سپورٹ اسٹاف کی تعیناتیوں میں اہم کردار ادا کرتے رہے، اس کے باوجود ٹیم کی مجموعی کارکردگی میں بہتری نہیں آ سکی، فیلڈنگ اور بولنگ کے شعبے بھی ان کی کوچنگ کے دوران مزید تنزلی کا شکار ہوئے۔
پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمن ٹیم کی بہتری کے لیے نیا کوچنگ سیٹ اپ تشکیل دیا جا رہا ہے تاکہ ٹیم مستقبل کے مقابلوں میں بہتر نتائج دے سکے۔ا



