آئی سی سی کا پلیئرز آف دی منتھ کیلئے نامزدگیوں کا اعلان

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر کے بہترین کھلاڑیوں کی نامزگیوں کا اعلان کردیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے کئے گئے اعلان کے مطابق جنوبی افریقہ کے سینوران متھو سوامی، پاکستان کے نعمان علی اور افغانستان کے راشد خان کو فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے سینوران متھو سوامی نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کے خلاف پنڈی ٹیسٹ میں سیریز ڈرا کرنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
پاکستان کے خلاف دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں سینوران متھو سوامی نے 106 رنز اسکور کئے اور 11 وکٹوں کے عوض سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
نعمان علی نے جنوبی افریقہ کے خلاف دو ٹیسٹ میچز میں مجموعی طور پر 14 وکٹیں اپنے نام کی، جبکہ لاہور ٹیسٹ میں وہ 10 وکٹس لینے میں کامیاب ہوئے اور پاکستان کو 93 رنز سے فتح دلانے میں اہم کردار کیا۔
افغانستان کے راشد خان نے زمبابوے اور بنگلا دیش کے خلاف مجموعی طور پر 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جن میں انہوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اس کے علاوہ آئی سی سی نے ویمنز پلیئر آف دی منتھ ایوارڈ کا بھی اعلان کیا ہے جس کے مطابق جنوبی افریقہ کی کپتان لورا وولورٹ، بھارت کی سمرتھی مندھانہ اور آسٹریلیا کی ایشلے گارڈنر بھی ایوارڈ کے لئے نامزد ہوئیں ہیں۔



