ہاکی بورڈ کا قیام : پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن نے بھی حمایت کردی

ہاکی بورڈ کا قیام :پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن نے بھی حمایت کردی
تمام ہاکی سٹیڈیمز اور وسائل ایک چھت تلے لانے سے قومی کھیل کی ترقی کو نئی زندگی ملے گی
مالی تحفظ ملے گا طارق بگٹی کی تجویز کی حمایت کرتے ہیں :
ہارون احمد جنرل سیکرٹری پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن
ملتان ; پاکستان ہاکی بورڈ بنانے کا مطالبہ روز بروز زور پکڑ رہا ہے اور ملک کے ہاکی حلقے اس اقدام کو ملکی ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے ایک اہم قدم قرار دے رہے ہیں۔
سابق ہاکی پلیئرز اور ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایک مضبوط بورڈ کے قیام سے نہ صرف ہاکی کے مالی اور وسائل ایک چھت تلے معاملات بہتر ہو جائیں گے بلکہ ملک کے تمام ہاکی اسٹیڈیمز اور وسائل کو ایک چھت کے نیچے لانے سے پاکستان ہاکی کی ترقی میں نئی زندگی آئے گی۔
پنجاب ہاکی ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ہارون احمد نے پاکستان ہاکی بورڈ کے قیام کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ ایف صدر میر طارق بگٹی نے جو کہا ہے کہ ہاکی فیڈریشن کو ختم کر کے بورڈ بنایا جائے اور ہاکی اسٹڈیمز کو بورڈ کے حوالے کیا جائے، اس سے ہاکی کا مالی بحران حل ہو جائے گا۔
انھوں نے کہاکہ بورڈ خود مختار ہو کر ہاکی کے اسکول لیول، جونیئر، سینیئر اور بین الاقوامی دوروں کے اخراجات برداشت کر سکے گا۔
ہارون احمد نے مزید کہا کہ سب سے بڑا مسئلہ سپانسرشپ کا ہے، لیکن اگر بورڈ بن جاتا ہے تو اسٹڈیمز کی آمدنی اور سپانسرز کی شمولیت سے یہ ادارہ خود کفیل ہو جائے گا اور اسٹڈیمز سے آنیوالی آمدنی پاکستان ہاکی کے تمام پروگراموں کو فعال رکھنے کے لیے کافی ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ پی ایچ ایف سالانہ گرانٹ پر انحصار کرتی ہے، جو گزشتہ دو سالوں سے بھی پاکستان بورڈ کی طرف سے نہیں ملی، جبکہ بورڈ کے قیام سے ہاکی کو مستقل مالی تحفظ حاصل ہو گا اور کھیل کی بہتری کے لیے خود کفیل اقدامات کیے جا سکیں گے۔
یاد رہے کہ اولمپئینز کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی بورڈ کا قیام ملک کے لیے ایک تاریخی قدم ہو سکتا ہے، جو نہ صرف مالی استحکام فراہم کرے گا بلکہ پاکستان ہاکی کو بین الاقوامی سطح پر بھی مستحکم اور خود مختار بنائے گا۔



